آٹھ اکتوبر زلزلہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،خورشید کیانی

مظفرآباد(خبرنگار خصوصی)پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر مظفرآباد ڈویژن کے سینئر نائب صدر و سابق ایڈمنسٹریٹر خورشید حسین کیانی نے کہا ہیکہ 8اکتوبر 2005کے قیامت خیز زلزلہ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں 20سال گزرنے کے باوجود زلزلہ سے سب سے زیادہ متاثر مظفرآباد سمیت دیگر اضلاع میں تعمیر نو کا عمل مکمل نہیں ہو سکا پیپلزپارٹی کی حکومتوں چوہدری عبدالحمید اور سردار یعقوب کے دورمیں تعمیر نو کے منصوبوں کو مکمل کیا گیا۔ ان کے علاوہ دیگر تمام حکومتوں نے زلزلہ متاثرہ علاقوں کو نظر انداز کیا تعلیمی اداروں کی عمارتیں بڑی تعداد میں تعمیر نہ ہو سکیں بچے کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔ اس قیامت خیز زلزلہ میں تعلمی اداروں میں معصوم کلیوں نے جانوں کی قربانیاں دی تھیں لیکن آج بھی نونہالاں قوم کو تعلیم حاصل کرنے کیلئے چھت مہیا کرنے کی طرف حکومت توجہ نہیں دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے8اکتوبر 2005کے قیامت خیز زلزلہ کے شہداء کی 20ویں برسی کے موقع پر محاسب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خورشید حسین کیانی نے کہا کہ ایم سی ڈی پی میں شامل منصوبے ختم کر دیے گئے۔ تعمیر نو کا عمل ادھورا رہا حکومتوں نے بے حسی کا مظاہرہ کیا قیمتیں جانیں اس قیامت خیز زلزلہ میں قربان ہوئیں۔دنیا بھر سے مددگار آئیے لیکن منصوبہ بندی کا فقدان رہا آج بھی مظفرآباد کے اہم منصوبہ جات بند ہیں فلائی اوور منصوبہ 6سال سے تعطل کا شکار ہے جو مظفرآباد کا منصوبہ ہونے کی سزاد دی جا رہی ہے حکومت آزادکشمیر اس منصوبے کو مکمل کرے۔