نیلم،شاردہ تحصیل بار کے نومنتخب عہدیداران نے حلف اٹھا لیا

نیلم(سردار اورنگزیب سے)تحصیل بار ایسوسی ایشن شاردا کی نئی کابینہ نے باقاعدہ حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی پُروقار تقریب عدالت عالیہ آزاد جموں و کشمیر کے معزز چیف جسٹس جسٹس سردار لیاقت حسین کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی، جنہوں نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔تقریب میں عدلیہ، انتظامیہ، پولیس، محکمہ جات اور سول سوسائٹی کے نمائندگان سمیت معززینِ علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔نومنتخب کابینہ میں عبدالصمود اعوان ایڈووکیٹ صدر، ملک افتخار ایڈووکیٹ سیکرٹری جنرل، جاوید اقبال ایڈووکیٹ نائب صدر، نعیم خان چنگیزی جوائنٹ سیکرٹری، محمد صدیق چغتائی ایڈووکیٹ سیکرٹری مالیات، انوارالحق ایڈووکیٹ سیکرٹری اطلاعات اور اشتیاق حسین ایڈووکیٹ سیکرٹری لائبریری منتخب ہوئے۔ تمام عہدیداران نے اپنے اپنے عہدوں کا حلف چیف جسٹس عدالت عالیہ آزاد کشمیر جسٹس سردار لیاقت حسین کے روبرو اٹھایا۔اس موقع پر جسٹس سید شاہد بہار ڈسٹرکٹ جج، سید وسیم گیلانی ڈسٹرکٹ سیشن جج، سردار شاہزمان ڈسٹرکٹ قاضی، عبدالشکور مہروی سول جج شاردا، سردار قدیر حسین تحصیل قاضی شاردا، سید عقیل کاظمی ڈپٹی کمشنر نیلم، ایس پی ضلع نیلم، اسسٹنٹ کمشنر شاردا، راجہ بلال ڈی ایس پی شاردا، سردار فیاض سرور ایس ایچ او ممتاز حسین، صدر پریس کلب شاردا سردار اورنگزیب، ڈی ایف او شاردا، ایس ڈی او شاہرات شاردا، ایس ڈی او برقیات شاردا، ڈسٹرکٹ کونسلر میاں بنیامین، لوکل کونسلر مولانا فاروق، راجہ فتح اللہ سابق امیدوار اسمبلی، ڈسٹرکٹ کونسلر نثار خان فاروقی، میر عبدالرشید چیئرمین زکوٰۃ ایل اے-25، شاہنواز لون صدر بازار شاردا، بابر لون سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔چیف جسٹس عدالت عالیہ آزاد کشمیر جسٹس سردار لیاقت حسین نے اس موقع پر نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی اور ان پر زور دیا کہ وہ وکلا برادری کے مسائل کے حل، انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی کے لیے سرگرم کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بار ایسوسی ایشن عدلیہ کا اہم ستون ہے، اس کے فعال کردار کے بغیر عدالتی نظام کی مضبوطی ممکن نہیں۔تقریب میں چیف جسٹس نے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے سول جج شاردا کو فیملی کورٹ کے اختیارات تفویض کرنے کی منظوری بھی دی، جسے شرکاء نے علاقہ نیلم کے عوام کے لیے ایک خوش آئند اقدام قرار دیا۔نومنتخب صدر عبدالصمود اعوان ایڈووکیٹ اور دیگر عہدیداران نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ وکلاء کے اتحاد، فلاح و بہبود اور عدالتی نظام کی بہتری کے لیے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف ضیافت دی گئی جبکہ وکلاء، عوامی نمائندوں اور معززین نے نومنتخب باڈی کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔




