
ایبٹ آباد (محاسب نیوز)ایس ایس پی ٹریفک ایبٹ آباد قمر حیات خان کی خصوصی ہدایت پر ٹریفک پولیس کی جانب سے زائد کرایہ وصول کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں تمام ٹریفک سرکلز میں ڈی ایس پیز کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے اندرون و بیرونِ شہر چلنے والی گاڑیوں کے اڈوں پر اچانک چیکنگ کی۔چیکنگ کے دوران کرایہ نامے کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ متعدد مقامات پر ناکہ بندیاں کر کے عوام سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کو موقع پر جرمانے کیے گئے۔ایس ایس پی ٹریفک قمر حیات خان نے کہا ہے کہ شہریوں سے ناجائز کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے، عوام سے اپیل ہے کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری طور پر ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915 پر اطلاع دیں تاکہ کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔




