شاریاں رابطہ سڑک خستہ حالی کا شکار،پانچ سال سے پیچ ورک نہ ہو سکا

شاریاں (نمائندہ محاسب)لنک روڈ کی خستہ حالی عوام کا صبر جواب دے گیاعرصہ دراز سے علاقہ شاریاں کے مکین لنک روڈ شاریاں کی ریکنڈیشنگ اور تعمیرِ نو کے منتظر ہیں، مگر منتخب نمائندوں کی جانب سے محض وعدوں اور لولی پاپ کے سوا کچھ نہیں دیا گیا۔ پانچ سال گزر جانے کے باوجود سڑک کی تعمیر کے حوالے سے کوئی عملی اقدام سامنے نہیں آیا، جس پر عوامی حلقوں میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔مقامی سماجی رہنما خواجہ کامران احمد نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی عوامی مسائل پر عدم توجہی باعثِ تشویش ہے۔ ان کے مطابق لنک روڈ شاریاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے، جس کے باعث گاڑیوں کے لیے سفر انتہائی خطرناک اور پیدل چلنا بھی دشوار ہو گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بارہا متعلقہ حکام اور عوامی نمائندوں کی توجہ اس سنگین مسئلے کی جانب مبذول کرائی گئی، مگر ہر بار صرف وعدوں پر ہی عوام کو ٹال دیا گیا۔شاریاں کے مکینوں نے مایوس ہو کر اپنی مدد آپ کے تحت سڑک کے گڑھے بھرنے کا کام شروع کر دیا ہے تاکہ روزمرہ آمد و رفت میں کچھ آسانی پیدا ہو سکے۔ عوام نے حکومت اور منتخب نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر لنک روڈ شاریاں کی تعمیر و بحالی کے لیے فنڈز جاری کیے جائیں اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔




