گڑھی دوپٹہ‘ واچر عامر اسلم نے قیمتی لکڑی کی سمگلنگ شروع کر دی

مظفرآباد (محاسب نیوز)گڑھی دوپٹہ بٹلیاں کے رہائشی محمد ریاض نے محکمہ جنگلات میں مبینہ بدعنوانی اور لکڑی سمگلنگ کے ایک سنگین معاملے کو منظرعام پر لاتے ہوئے کہا ہے کہ عامر اسلم ولد محمد اسلم اعوان، جو محکمہ جنگلات میں واچر کے طور پر تعینات ہے، طویل عرصے سے محکمے کے بعض اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت سے کمپارٹمنٹ 16 اور نیاں سراں کے علاقوں سے لاکھوں روپے مالیت کی قیمتی لکڑی سمگل کرنے میں ملوث ہے۔محمد ریاض کے مطابق لکڑی کی غیرقانونی کٹائی اور سمگلنگ کا یہ سلسلہ کافی عرصے سے جاری ہے، لیکن اس کے باوجود محکمہ جنگلات کی جانب سے واچر عامر اسلم کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی، جس سے اس غیرقانونی دھندے کو تقویت مل رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس لکڑی سمگلنگ سے متعلق ٹھوس شواہد اور دستاویزی ثبوت موجود ہیں جو اس غیرقانونی سرگرمی کی تصدیق کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جنگلات کا تحفظ عوام اور ریاست کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اس لیے ایسے عناصر کے خلاف کارروائی نہ ہونا تشویشناک ہے۔ محمد ریاض نے سیکرٹری جنگلات سے اپیل کی ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور واچر عامر اسلم کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لا کر محکمہ جنگلات کی ساکھ بحال کی جائے۔




