مظفرآباد

ڈائریکٹر امور دینیہ حافظ نذیر قادری کی ریٹائرمنٹ‘الوداعی تقریب

ہٹیاں بالا(بیورورپورٹ)ڈائریکٹر امور دینیہ آزاد کشمیر مفتی حافظ نذیر احمد قادری کے ریٹائرمنٹ کے موقع پر تنظیم حقوقُ القری ضلع جہلم ویلی کے زیر اہتمام شاندار الوداعی تقریب کا انعقاد، تنظیم حقوق القراء کے مرکزی صدر علامہ قاری محمد عارف عباسی کی دعوت پر ضلع بھر کے قراء کرام نے شرکت کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر امور دینیہ مفتی حافظ نذیر احمد قادری نے کہا کہ قراء حضرات قرآن کریم کی خدمت کریں، قرآن کریم سے بڑھ کر کوئی دولت نہیں ہے، تجویدالقرآن ٹرسٹ کی آمدن میں قابلِ قدر اضافہ کیا، ایک ہزار نئے مدارس کی منظوری حاصل کی اور تمام مکاتبِ فکر سے وابستہ افراد کو برابر مواقع فراہم کیے۔ قرآن کریم کی خدمت عظیم سعادت ہے، اسی لیے ساٹھ سال کی عمر میں بھی اسی جذبے سے قرآن سنا رہا ہوں الحمد للہ میں نے پوری دیانت داری اور اخلاص کے ساتھ قرآن و سنت کی خدمت انجام دی۔ اپنے دورِ خدمت میں تجویدالقرآن ٹرسٹ کی آمدن میں نمایاں اضافہ کیا، ادارے کو مالی طور پر مضبوط کیا دور دراز علاقوں تک قرآنی تعلیم کی رسائی ممکن ہوئی۔ مفتی نذیر قادری نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ مسالک سے بالاتر ہو کر تمام اہلِ دین کو یکساں مواقع فراہم کیے، کسی پر ناانصافی نہیں ہونے دی اور ہر اس کوشش کی سرپرستی کی جس سے دینی تعلیم کو فروغ ملا۔ قرآن کریم کی تعلیم معاشرے میں امن، رواداری اور محبت کے فروغ کا ذریعہ بنتی ہے۔ قراء حضرات اخلاص کے ساتھ قرآن کی تعلیم کو عام کریں اور اس مشن میں کبھی کمی نہ آنے دیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہتمم مدرسہ سید نا ابوتراب و امیر جماعت اہل سنت آزاد کشمیر علامہ سید محمد اسحاق نقوی نے کہا ڈائریکٹر امور دینیہ مفتی حافظ نذیر احمد قادری کی خدمات قابل ستائش ہیں مفتی نذیر قادری نے اپنی پوری زندگی دین متین کی سربلندی اور قرآنِ کریم کی خدمت کے لیے وقف کیے رکھی۔ یہ ایسی شخصیت ہیں جن کے کردار میں اخلاص، گفتار میں وقار اور عمل میں استقامت جھلکتی ہے۔ علامہ اسحاق نقوی نے کہا کہ مفتی نذیر قادری نے صرف ایک سرکاری عہدہ نہیں سنبھالا بلکہ اسے ایک امانت سمجھ کر نبھایا، مساجد و مدارس کی اصلاح و ترقی کے لیے جو اقدامات کیے وہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ تجویدالقرآن ٹرسٹ کو فعال بنا کر قرآن کے سفیروں قراء کرام کی خدمت کا جو باب رقم کیا، وہ ایک روشن مثال ہے۔ مہتمم جامعہ سکندریہ صاحبزادہ پیر سید فیاض حسین کاظمی نے کہا کہ مفتی نذیر قادری نے ریاست میں دینی ہم آہنگی، باہمی احترام اور علمی فضا کو پروان چڑھانے میں جو کردار ادا کیا، وہ مشعل ہے۔ ان کی خدمات سنہری حروف سے زیادہ مقام رکھتی ہیں اور اہلِ دین ہمیشہ انہیں دعاؤں میں یاد رکھیں گے۔ صدر تنظیم القراء مولانا قاری عارف عباسی نے کہا کہ مفتی نذیر قادری کی بدولت مساجد و مدارس کی اپ گریڈیشن ممکن ہوئی، تجویدالقرآن ٹرسٹ فعال ہوا، اصلاحات نافذ ہوئیں اور آزاد کشمیر میں سینکڑوں مدارس کا قیام عمل میں آیا۔مفتی نذیر احمد قادری کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ قراء کی تنخواہیں بینک ٹرانسفر کے ذریعے شفاف انداز میں یقینی بنائی گئیں، تقریب سے مفتی شیخ فرید، مفتی شہزاد موسیٰ، مفتی اشتیاق کاظمی، مفتی جمال میر، علامہ عاقب عباسی سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین مفتی نذیر احمد قادری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کی نظامت مولانا محمد عاقب عباسی نے کی جبکہ معروف نعت خواں جواد مغل نے نعت رسولِ مقبول ﷺ پیش کی۔ آخر میں صاحبزادہ پیر سید فیاض حسین کاظمی نے دعا کرائی۔

Related Articles

Back to top button