کشمیر میں بھارتی مظالم پرآواز اٹھانا آئینی ذمہ داری‘ فیصل ممتاز

اسلام آباد (پی آئی ڈی)وزیراعظم آزادجموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کو قائم ہوئے تیس دن مکمل ہو چکے ہیں اور اس مختصر عرصے میں عوامی فلاح، گڈ گورننس اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے عملی بنیادوں پر اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔جموں کشمیر ہاؤس میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام سے کیے گئے وعدوں کو عملی شکل دی ہے اور موجودہ حکومت بھی اسی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سنبھالتے ہی صحت، تعلیم، توانائی، سڑکوں کی تعمیر، روزگار کے مواقع اور انتظامی اصلاحات کے حوالے سے واضح حکمتِ عملی مرتب کی گئی۔فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ تیس دن کے دوران سرکاری محکموں میں نظم و ضبط کو بہتر بنانے، عوامی دفاتر کو فعال کرنے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر میکانزم متعارف کروایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزراء اور افسران کو عوام کے درمیان رہنے اور مسائل براہِ راست سننے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور بنیادی مراکز صحت، ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار اور ہنر مندی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے خصوصی پروگرامز ترتیب دیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کشمیری عوام کی آواز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مؤثر آواز اٹھانا ہماری آئینی، اخلاقی اور سیاسی ذمہ داری ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ حکومت آنے والے دنوں میں عوامی فلاح کے مزید منصوبوں کا اعلان کرے گی اور آزادکشمیر کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے اعتماد پر پورا اترنا ہی پیپلز پارٹی کی اصل کامیابی ہے۔فیصل ممتاز راٹھور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی آزادکشمیر کی حکومت شفافیت، میرٹ اور عوامی خدمت کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے اپنا سفر جاری رکھے گی۔



