مظفرآباد

غیر رجسٹرڈ میڈیکل ڈپلوملے جاری کرنیوالے اداروں کیخلاف کارروائی کا حکم

مظفرآباد(سپیشل رپورٹر) آزاد جموں کشمیر عدالت العالیہ نے میڈیکل ٹیکنیشنز اور ہیلتھ ڈپلومہ جاری کرنے والے غیر رجسٹرڈ اور غیر مجاز اداروں کے خلاف تین ماہ کے اندر کارروائی مکمل کرکے رپورٹ عدالت العالیہ میں پیش کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں، عدالت العالیہ کے جج سردار اعجاز احمد پر مشتمل بنچ کے گزشتہ روز رٹ پٹیشن عارف اعوان بنام آزادکشمیر حکومت کی سماعت کے بعد اپنے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ کسی بھی غیر مجاز، غیر رجسٹرڈ ادارے کے ذریعے آزادکشمیر کے اندر ہیلتھ ڈپلومہ اور میڈیکل ٹیکنیشنز کورسز کے ذریعے اسناد جاری کرنے کا عمل غیر قانونی ہے، حکومت آزادکشمیر ایسے تمام اداروں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائے جو غیر رجسٹرڈ یا غیر مجاز اور متعلقہ فورم کی اجازت کے بغیر آزادکشمیر میں کام کر رہے ہیں، رٹ پٹیشن 2023میں دائر کی گئی تھی پٹیشنر کی جانب سے نوجوان قانون دان حماد مشتاق جنجوعہ ایڈووکیٹ نے دلائل میں یہ بات ثابت کی کہ آزادکشمیرکے اندر گلی کوچوں میں ہیلتھ ڈپلومہ اور میڈیکل ٹیکنیشنز کے کورسز کے نام پر بے روزگار نوجوانوں کو لوٹا جا رہا ہے، بلکہ ان اداروں کی جانب سے جاری کردہ سرٹیفکیٹ اور اسناد کی بنیاد پر میڈیکل سٹورز کھلے ہوئے ہیں جہاں جعلی ادویات فروخت کی جاتی ہیں، ریسپانڈنٹس کی جانب سے سینئر قانون دان رشید عباسی عدالت میں پیش ہوئے، عدالت العالیہ کے بنچ نے گلی کوچوں میں کھلے جعلی ڈپلومہ فروشوں کیخلاف تین ماہ کے اندر قانون کارروائی کے احکامات جاری کیے اور کی گئی کارروائی کی رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت بھی کی، عدالت العالیہ کے اس فیصلے کے بعد آزادکشمیر بھر میں مجاز فورم کی اجازت اور غیر رجسٹرڈ اداروں کے ذریعے جاری شدہ سرٹیفکیٹس اور ہیلتھ ڈپلومہ کالعدم ہو چکے ہیں، محکمہ صحت کے لیے جعلی ادویات اورڈپلومہ کے خلاف کارروائی کا جواز مل چکا ہے، سول سوسائٹی کی جانب سے آزادکشمیر میں جعلی ادویات اور جعلی ہیلتھ ڈپلومہ سنٹرزکیخلاف کارروائی کے عدالتی احکامات خیر مقدم کیا جارہا ہے۔

Related Articles

Back to top button