مظفرآباد

کشمیر بنے گا پاکستان محض نعرہ نہیں کشمیری عوام کے سیاسی ایمان کا حصہ، سردار عتیق

بھمبر(بیورورپورٹ)مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعظم آزاد کشمیرسردارعتیق احمد خان نے کہ ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان محض ایک نعرہ نہیں بلکہ کشمیری عوام کے ایمان، قربانیوں اور شہداء کے خون سے جڑا ہوا نصب العین ہے۔ مسلم کانفرنس نے ہر دور میں اس نظریے کی حفاظت کی اور آج بھی پارٹی کے جانثار ورکرز اس جدوجہد کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کو اس وقت نظریاتی سیاست، اتحاد اور مخلص قیادت کی اشد ضرورت ہے۔مفادات اور اقتدار کی سیاست نے عوام کو مایوس کیا، تاہم مسلم کانفرنس ہی وہ واحد پلیٹ فارم ہے جو کشمیری عوام کے حقیقی جذبات کی ترجمانی کر سکتی ہے۔انہوں نے آپریشن بنیان المرصوص کی شاندار کامیابی پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے مسلم کانفرنس کے کارکنان پرزور دیتے ہوئے کہاکہ وہ مسلم کانفرنس کا پیغام گلی گلی اور یونین کونسل کی سطح تک پہنچایا جائے، نوجوانوں اور خواتین کو آگے لایا جائے اور ورکروں کو ان کا جائز مقام دیا جائے گا۔ کنونشن کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے۔اس موقع پر صدر تقریب راجہ طاہر اقبال آف بڑھنگ نے سردار عتیق احمد خان سمیت تمام مرکزی قیادت اور معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس کنونشن میں شرکت کی۔تقریب سے سابق صدر مسلم کانفرنس مرزا شفیق جرال جنرل سیکرٹری محترمہ مہر النسا چیئرمین یوتھ ونگ سردارعثمان عتیق مرکزی سینئر نائب صدر راجہ ظفر معروف چیئرمین لیبر ونگ شکور مغل چوہدری شوکت علی چوہدری خضر حیات راجہ اقبال انقلابی ناہید راجہ اور عامرہ خانم نے بھی خطاب کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے مسلم کانفرس کو مظبوط سے مظبوط طر بنا یا جائے گے۔سردارعتیق احمدخان نے کہا کہ میں شاندارکنونشن منعقد کرنے پرمنتظمین راجہ طاہر اقبال سمیت دیگر عہدیداروں کاشکریہ اداکرتاہوں جنہوں نے کامیاب ورکرکنونشن کاانعقاد کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس وہ جماعت ہے جس نے ریاست جموں وکشمیر کی آزادی کیلئے بھرپورکرداراداکیا ہے اورکرتی رہے گی۔ مسلم کانفرنس کشمیریوں کی امنگوں کی حقیقی ترجمان جماعت ہے،شہدائے کشمیرکی جدوجہد کی بدولت آج تحریک آزادی کشمیرپوری دنیا میں تسلیم شدہ حقیقت ہے، ہم کشمیریوں کی قربانیوں کوکبھی رائیگاں نہیں جانے دینگے۔ سردارعتیق احمدخان نے کہاہے کہ ہندوستان کے غاضبانہ قبضے اورمظالم کے سامنے کشمیری قوم آج بھی ڈٹ کرکھڑی ہے۔مقبوضہ کشمیرکی عوام کی قربانیاں اورجرات، تاریخ کاروشن باب ہیں۔

Related Articles

Back to top button