مظفرآباد

مجاہدِ آزادی عبدالرحمن چاچا مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے

مظفرآباد (محاسب نیوز) تحریکِ آزادی کشمیر کے مخلص، دیرینہ اور بے لوث کارکن، مجاہدِ آزادی عبدالرحمن چاچا مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر سے کشمیری مہاجرین، حریت پسند حلقوں اور تحریکِ آزادی کشمیر سے وابستہ کارکنان میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔ چیئرمین پاسبانِ حریت جموں کشمیر عزیر احمد غزالی نے مرحوم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئیکہا ہے کہ عبدالرحمن چاچا کی تحریکِ آزادی کشمیر کے لیے مخلصانہ، بے لوث اور طویل جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ان کارکنان میں شامل تھے جنہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی حق و آزادی کی آواز بلند رکھی۔انہوں نے کہا کہ عبدالرحمن چاچا کا تعلق مقبوضہ کشمیر کی تحصیل کرناہ کے گاؤں ہجیترہ سے تھا۔ انہوں نے نوّے کی دہائی میں بھارتی جبر و استبداد کے باعث ہجرت کی اور مانکپیاں مہاجر بستی میں سکونت اختیار کی، تاہم ہجرت کے باوجود ان کا دل ہمیشہ مقبوضہ کشمیر اور وہاں کے مظلوم عوام کے ساتھ دھڑکتا رہا۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور ظلم و ستم کے واقعات انہیں شدید دل گرفتہ کر دیتے اور وہ کشمیری عوام کی آزادی کے لیے ہمہ وقت فکرمند رہتے۔انکا کہنا تھا کہ مرحوم گزشتہ تینتیس برسوں سے زائد عرصے تک تحریکِ آزادی کشمیر سے نظریاتی، فکری اور عملی طور پر وابستہ رہے۔ حریت کے حوالے سے منعقد ہونے والی ریلیوں، جلسوں، جلوسوں، دھرنوں اور پیدل مارچوں میں ان کی شرکت نمایاں رہی۔

Related Articles

Back to top button