کون کہاں جارہے پی ٹی آئی کا کوئی سروکار نہیں،خواجہ فاروق

مظفرآباد(محاسب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی راہنما اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خواجہ فاروق احمد نے آزاد کشمیر کی بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کل بڑی تعداد دونوں جماعتوں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے کارکن/راہنما ایک جماعت کو چھوڑ کر دوسری جماعت جارہے ہیں تو پی ٹی آئی کے ہم راہنماوں،کارکنوں کو چاہیے کہ اس پر کوئی تبصرہ نہ کہ یہ پی پی اور مسلم لیگ ن کی اندرونی سیاست کے معاملات ہیں کہ کوئی کدھر جارہا ہے کوئی کہاں آرہا ہے۔کون کل ایک دوسرے کے بارے میں کیا کیا الفاظ/القاب استعمال کرتے تھے اور آج کس طرح ایک دوسرے کے گلے میں ہار ڈال رہے ہیں،جھپیاں ڈال رہے ہیں سے ہم پی ٹی آئی والوں کو کوئی واسطہ سروکار نہیں رکھنا چاہیے۔خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ ایک جماعت چھوڑ کر دوسری جماعت میں شامل ہونا یہ ان کا حق ہے اختیار ہے اس سے کوئی سروکار نہیں رکھنا چاہیے۔ہمیں اپنی پارٹی کو عمران خان کے ویژن کے مطابق آگے لے کر جانا ہے،گراس روٹ لیول پر ہر پڑھا لکھا باشعور نوجوان اس وقت پی ٹی آئی کے ساتھ ہے پی ٹی آئی کی اصل طاقت یہی نوجوان ہیں ہمیں اپنی جماعت کی مضبوطی کے لیے کام کرنا ہے اور جولائی 2026کے انتخابات میں ان دونوں جماعتوں کو 8 فروری 2024 جیسے رزلٹ ملیں گے۔عوام نے تہیہ کرلیا ہے کہ جتنی مرضی پابندیاں لگائیں ووٹ صرف اور صرف عمران خان کا ہے۔اس لیے سب پی ٹی آئی کارکنوں سے اپیل ہے کہ ان دونوں جماعتوں کے لوگوں کی آپس میں شمولیت کو نورا کشتی سمجھ کر نظر انداز کریں یہ خود ہی ایک دوسرے کے بارے میں انکشافات کریں گے ہمیں اس کھیل سے اپنے آپ کو دور ہی رکھنا ہے ہمیں بس اپنی جماعت پی ٹی آئی کی طرف توجہ دینی ہوگی۔


