مظفرآباد‘ہلال احمر پاکستان کے زیر اہتمام ورکشاپ اختتام پذیر

مظفرآباد(محاسب نیوز) ہلال احمر آزادکشمیر کے زیر اہتمام مائیگریشن اور ڈسپلیسمنٹ کے عنوان سے منعقدہ ورکشاپ اختتام پذیر ہو گی۔ ورکشاپ کا انعقادانٹرنیشنل فیڈریشن آف دی ریڈ کراس کے تعاون سے مظفرآباد میں کیا گیا جس میں ہلال احمر کے سٹاف سمیت ضلع نیلم اور مظفرآباد کے رضاکاران نے شرکت کی۔ ورکشاپ کا مقصد مائیگریشن اور ڈسپلیسمنٹ کے حوالے سے سٹاف اور رضاکاران کی استعداد کار اور صلاحیتوں میں بہتری لانا تھا۔ منعقدہ ورکشاپ میں ہلال احمر نیشنل ہیڈکوارٹرز کے ڈپٹی ڈائریکٹر مائیگریشن و ڈسپلیسمنٹ رضا حیدر نے شرکائے ورکشاپ کو انٹرنیشنل فیڈریشن آف دی ر ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ کی مائیگریشن سٹریٹجی، بنیادی اصطلاحات کے علاوہ ہلال احمر کے قائم کردہ Humanitarian Service Pointsکے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔ شرکائے تربیت کو ہلال احمر کی 2025-30تک کے سٹریٹجی فریم ورک کے علاوہ سے بھی جامع پریذنٹیشن دی گی۔ورکشاپ میں 2022کی پاپولیشن اپیل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری ہلال احمر آزادکشمیر محترمہ گلزار فاطمہ نے اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ شرکائے تربیت سے خطاب کرتے ہوئے گلزار فاطمہ کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر ایک ایسا خطہ ہے جس کو قدرتی آفات کے ساتھ ساتھ دیگر آفات کا بھی سامنا رہتا ہے جس کی وجہ سے مائیگریشن اور ڈسپلیسمنٹ کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے چھ اضلاع لائن آف کنٹرول کے ساتھ متصل ہیں۔ لائن آف کنٹرول پر کراس بارڈر فائرنگ کی وجہ سے آئے روزمائیگریشن اور ڈسپلیسمنٹ کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سیکرٹری ہلال احمر کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں ہر سال 21.5ملین لوگ مائیگریشن اور ڈسپلیسمنٹ کا شکار ہو رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے آزادکشمیر میں بھی لوگ دیہی علاقوں سے شہروں کی طرف ہجرت کرنے پر مجبور ہیں جس سے شہری آبادی پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور مسائل جنم لے رہے ہیں۔ شرکائے تربیت سے خطاب کرتے ہوئے گلزار فاطمہ کا کہنا تھا کہ ہلال احمر آزادکشمیر مائیگریشن اور ڈسپلیسمنٹ پر کام کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کے اس موضوع پر آزادکشمیر میں مزید ورکشاپ اور کام کرنے کی ضرورت ہے اور مجھے امید ہے کہ مستقبل میں بھی ہمارے پارٹنر ز اور ڈونرز ایسی ورکشاپ کا اہتمام جاری رکھیں گے۔سیکرٹری ہلال احمر نے ورکشاپ کے انعقاد پر نینشل ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف دی ریڈ کراس کا شکریہ بھی ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر سیکرٹری ہلال احمر گلزار فاطمہ نے شرکائے تربیت میں اسناد بھی تقسیم کیں۔ اس موقع پر ہلال احمر کا سٹاف بھی موجود تھا۔




