مظفرآباد

سابق میئر آف سلاو راجہ محمد زراعت کی وفد کے ہمراہ ایس ایس پی میرپور خرم اقبال سے ملاقات

میرپور(پی آئی ڈی)سابق میئر آف سلاو راجہ محمد زراعت نے وفد کے ہمراہ ایس ایس پی میرپور خرم اقبال سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔اس موقع پر راجہ زراعت نے ایس ایس پی خرم اقبال کو میرپور تعیناتی پر دلی مبارکباد دی اور ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال میں نمایاں بہتری پر ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرأت مندانہ فیصلوں اور مؤثر حکمتِ عملی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔راجہ محمد زراعت نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس پی خرم اقبال کے منصب سنبھالنے کے بعد میرپور میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جو مربوط اور فیصلہ کن اقدامات اٹھائے گئے ہیں وہ لائقِ تحسین ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بالخصوص ویزا مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن نے عوام الناس، خصوصاً اوورسیز کشمیریوں کے دل جیت لیے ہیں۔ ویزا مافیا نے معصوم شہریوں کو بیرونِ ملک، بالخصوص برطانیہ اور دیگر ممالک بھیجنے کے جھانسے دے کر کروڑوں روپے ہتھیائے، تاہم پولیس کی مستعدی، پیشہ ورانہ مہارت اور غیرمتزلزل عزم کے باعث تقریباً تیس کروڑ روپے کی ریکارڈ ریکوری ممکن بنائی گئی، جو قانون کی بالادستی کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی جرات مندانہ کارروائیوں سے نہ صرف عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے بلکہ ریاستی اداروں کی ساکھ بھی مضبوط ہوئی ہے۔ وفد میں ڈپٹی میئر میونسپل کارپوریشن میرپور محمد رمضان چغتائی، نائب صدر کشمیر پریس کلب میرپوررانا شبیر راجوروی اور راجہ محمد خیرات خان بھی شامل تھے، جنہوں نے بھی ایس ایس پی میرپور کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امن و امان کے قیام میں پولیس کے کردار کوکلیدی قرارد یا۔

Related Articles

Back to top button