مظفرآباد

ایک شام رازی کے نام، سالانہ فنڈنگ میں 36ملین کے عطیات جمع

اسلام آباد(محاسب نیوز) الخدمت رازی ہسپتال (سی بی آر) کے لیے سالانہ فنڈ ریزنگ تقریب“اِنفاق 2026، ایک شام رازی کے نام”کامیابی کے ساتھ اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ہسپتال کی ترقی، توسیع اور طبی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے 36 ملین روپے کے pledges کیے گئے۔تقریب میں صدر الخدمت ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن اور کرنل اشفاق حسین بطور مہمانانِ خصوصی شریک ہوئے۔ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رازی ہسپتال اسلام آباد کے زون فائیو کے عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولیات انتہائی مناسب نرخوں پر فراہم کر رہا ہے، جبکہ مستحق اور نادار افراد کے لیے مفت علاج کی سہولت بھی دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ رازی ہسپتال الخدمت کے فلاحی وژن اور خدمتِ انسانیت کے عملی اظہار کی بہترین مثال ہے۔کرنل اشفاق حسین نے ہسپتال کے نظم و نسق، شفاف انتظامی ڈھانچے اور مریض دوست ماحول کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ادارے صحت کے شعبے میں ایک مؤثر اور قابلِ اعتماد متبادل فراہم کر رہے ہیں، اور محسنین کے مسلسل تعاون نے رازی ہسپتال کی کامیابی کی بنیاد رکھی ہے۔تقریب کی میزبانی الخدمت رازی ٹیم نے کی، جن کے مؤثر انتظامات اور پیشہ ورانہ منصوبہ بندی نے تقریب کو کامیاب بنایا۔ تقریب کی قیادت چیئرمین نصراللہ رندھاوا نے کی، جنہوں نے رازی ہسپتال کو عوام دوست، شفاف اور مستحکم طبی ادارہ بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہر فاروق نے ہسپتال کی کارکردگی، طبی سہولیات اور آئندہ کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ رازی ہسپتال کم لاگت میں اعلیٰ معیار کی صحت کی سہولیات فراہم کر کے عوام کا اعتماد حاصل کر چکا ہے۔سرپرستِ اعلیٰ رازی ہسپتال سی بی آر ٹاؤن، الطاف احمد بٹ نے تمام ڈونرز اور محسنین کا شکریہ ادا کیا اور ان کی حمایت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے خاص طور پر جماعتِ اسلامی کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ اگرچہ سی بی آر سوسائٹی نے ہسپتال کے لیے پلاٹ فراہم کیا، مگر الخدمت فاؤنڈیشن اور اسلامک سرکل آف نارتھ امریکا (ICNA) نے اہم مالی امداد فراہم کی، جس کی بدولت ہسپتال کی عمارت مکمل ہوئی۔ الطاف احمد بٹ نے عوام کی جانب سے کروڑوں روپے کی امداد کو بھی سراہا، جس کی بدولت یہ عظیم ہسپتال وجود میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ رازی ہسپتال کی وجہ سے سی بی آر ٹاؤن کی صحت کے شعبے میں ساکھ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے فلاحی اپیل بھی کی کہ معاشرتی سطح پر بہتر حالات میں رہنے والے افراد اور بیرون ملک مقیم کمیونٹی مالی تعاون کریں تاکہ غربت اور ضرورت مند افراد زیادہ سے زیادہ طبی سہولتیں حاصل کر سکیں۔ الطاف احمد بٹ نے ہسپتال کے عزم کا اعادہ کیا کہ رازی ہسپتال آئندہ بھی مستحق مریضوں کو باعزت اور معیاری علاج فراہم کرتا رہے گا۔تقریب کے اختتام پر منتظمین نے تمام شرکاء، محسنین اور معاونین کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اِنفاق 2026 کے تحت کیے گئے یہ اعلانات رازی ہسپتال کو مزید مضبوط اور مؤثر طبی ادارہ بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

Related Articles

Back to top button