مسلم لیگ ن آزاد کشمیرکی بڑی جماعت‘کسی سے اتحاد نہیں کریں گے‘ راجہ فاروق حیدر

چک سواری(نمائندہ خصوصی) سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ بیرسٹر سلطان محمود چودھری سابق صدر ریاست آزاد کشمیر کی قد آور شخصیات میں سے تھے۔انھوں نے اپنی زندگی تحریک آزادیء کشمیر کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ان کی وفات سے آزاد کشمیر کی سیاست میں بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے جو پُر ہونا ممکن نہیں۔راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ الیکشن اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔مسلم لیگ ن آزاد کشمیر ایک بڑی جماعت ہے ہم کسی سے اتحاد نہیں کریں گے۔آمدہ الیکشن کے بعد ہماری حکومت ہو گی۔جس طرح پچھلے دور حکومت میں این ٹی ایس کا نفاذ کیا اسی طرح عدلیہ؛ محکمہ صحت؛ محکمہ مال اور ریونیو بورڈ میں بھی اصلاحات لائیں گے۔ہماری جماعت کا منشور ہی غریب اور عام آدمی کی فلاح وبہبود ہے۔بڑی انڈسٹری کی بجائے سمال انڈسٹریز کو فروغ دے کر عام آدمی کو با عزت روزگار فراہم کریں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کارکنان اپنی صفوں میں اتحاد رکھیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت بنتے ہی عوام اور کارکنان کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے چودھری عظیم بخش مرکزی ڈپٹی سیکرٹری کی میزبانی میں دئیے گئے عصرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس سے قبل عظیم بخش چودھری نے سابق سینئر وزیر چودھری طارق فاروق؛ سابق وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی؛ سابق وزیر احمد رضا قادری؛ چودھری عبدالرحمان آرائیں صدر یوکے سابق امیدوار راجہ شعیب عابد؛ جاوید ظفر ڈڈیال اور دیگر کو خوش آمدید کہا۔ عصرانہ کا اہتمام طارق حسین شاہ نے کیا تھا جس میں مسلم لیگ ن کے کارکنان چودھری شبیر بشیر،کونسلر راجہ شمریز خالد، عبدالرؤف سہگل،راجہ خالد محمود، چودھری عابد پلاکوی اورآزاد پریس کلب چکسواری کے صحافیوں نے شرکت کی۔



