جامعہ کشمیر میں یومِ یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے بین الشعبہ جاتی تقریری مقابلہ
مظفرآباد (محاسب نیوز)جامعہ آزاد جموں و کشمیر میں یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر مختلف رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں مرکزی تقریب کے طور پر“یومِ یکجہتی کشمیر اور نوجوانوں کی ذمہ داریاں ”کے عنوان سے بین الشعبہ جاتی تقریری مقابلہ منعقد ہوا۔ اس تقریب کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز کے زیرِ اہتمام کیا گیا۔جامعہ کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات نے تقریری مقابلے میں بھرپور شرکت کی اور اپنی تقاریر کے ذریعے مسئلہ کشمیر کی تاریخی، سیاسی اور انسانی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کشمیر کی جدوجہد آزادی میں نوجوانوں کے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوان نسل علمی، فکری اور پُرامن ذرائع سے کشمیری عوام کی آواز بنے گی۔تقریری مقابلے کے ججز میں ڈاکٹر عبد الکریم قریشی، پرنسپل ڈگری کالج گڑھی دوپٹہ، اور ز ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس فنانشل ایڈ سردار ظفر اقبال شامل تھے۔ مقابلے کے اختتام پر روشان آصف نے پہلی، سیدہ کونین زہرہ نے دوسری جبکہ ورشہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز، میرٹوریس پروفیسر ڈاکٹر سید ندیم حیدر بخاری نے کہا کہ کشمیر کاز کے مؤثر اور بھرپور دفاع کے لیے ایک مضبوط، مستحکم اور ترقی یافتہ پاکستان ناگزیر ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم، شعور اور کردار کی مضبوطی کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کریں۔اس موقع پر ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر ریحانہ کوثر نے طلبہ کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے معزز ججز اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی علمی اور فکری سرگرمیاں نہ صرف طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارتی ہیں بلکہ قومی اور کشمیری کاز سے وابستگی کو بھی مضبوط بناتی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جامعہ آئندہ بھی ایسی تقریبات کا انعقاد جاری رکھے گی۔تقریب کے اختتام پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کے ساتھ مکمل یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ کشمیر کی آزادی کی جائز جدوجہد کو علمی، اخلاقی اور پُرامن انداز میں جاری رکھا جائے گا۔یوم یکجہتی کشمیر کی اس تقریب میں پرنسپل آفیسران، سربراہان شعبہ جات،فیکلٹی ممبران،یونیورسٹی آفیسران،ملازمین اور طلبہ نے شرکت کی۔




