دہشت گردی کے پیچھے ہندوستان‘ پاکستان میں بدامنی چاہتا ہے‘سرارعتیق

مظفرآباد (سپیشل رپورٹر) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدرو سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان نے اسلام آباد ترلائی بم دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسکی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔صدرمسلم کانفرنس نے کہا کہ مساجد پر حملہ کوئی مسلمان سوچ بھی نہیں سکتا۔ایسے لوگوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ اس واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے یہ دھماکہ دشمن کی ان سازشوں کا حصہ دکھائی دیتا ہے جنکا مقصد پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادات کو ہوا دینا اور انکی بنیاد پر بدامنی پیدا کرنا ہے۔پاکستان اور ایران کے تعلقات میں جو قربت پیدا ہوئی ہے اس سے بھی پاکستان اور ایران کے مشترکہ دشمن خائف ہیں۔ اصل حقائق تو کچھ دنوں تک سامنے آجائیں گے لیکن یہ بات بڑی حد تک یقین سے کہی جاسکتی ہے کہ ان ساری سازشوں کے پیچھے پاکستان کا ازلی دشمن ہندوستان ملوث یے جو اپنی پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں بدامنی پیدا کرنا چاہتا یے۔ پاکستان تمام مذاہب، مسالک اور فرقوں کا مرکز ہے یہاں مذہبی بھائی چارہ بدرجہ اتم موجود ہے لیکن ہمارے دشمنوں کو پاکستان میں یہ مذہبی رواداری ہضم نہیں ہوتی۔صدرمسلم کانفرنس نے دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کی اور دھماکے میں زخمی ہونے والوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اللہ تعالٰی شہید ہونے والوں کے درجات بلند کرے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔


