مظفرآباد میں رمضان المبارک کی آمد پر اشیائے گوشت خوردونوش کی قیمتی میں بے تہاشہ اضافہ

مظفرآباد(خبر نگار خصوصی)آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں سے قبل ہی اشیائے گوشت خوردونوش، سبزی، فروٹ اور کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر کے عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈالنے والے منظم مافیا کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا جرات مندانہ اور دو ٹوک مؤقف شہریوں کے دل جیت گیا ہے۔ مہنگائی مافیا کی جانب سے انتظامیہ کو“زیر بار”کرنے اور نرخوں میں من مانا اضافہ مسلط کرنے کے لیے کی گئی مشاورتی میٹنگ کے بعد ضلعی انتظامیہ نے عوامی مفاد اور رمضان المبارک کے تقدس کے تحفظ کو ترجیح دیتے ہوئے واضح پیغام دے دیا کہ لوٹ مار، ذخیرہ اندوزی اور من مرضی نرخ ہرگز برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر مظفرآباد منیر احمد قریشی اور اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد حماد بشیر کی جانب سے سخت موقف سامنے آنے پر سول سوسائٹی، تاجر تنظیموں کے سنجیدہ حلقوں اور شہریوں جن میں چیئرمین امن اتحاد ایکشن کمیٹی و یونائیٹڈ سوشل فورم نلوچھی طارق خان مغل،چئیرمین سہارا ویلفیئر ندیم احمد اعوان،اعوان اتحاد آزاد کشمیر اور تنظیم شہری دفاع کے عہدے دران نے ضلعی انتظامیہ اور ذمہ دار میڈیا نمائندگان کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ سول سوسائٹی و دیگر کا کہنا ہے کہ رمضان جیسے مقدس مہینے میں ناجائز منافع خوری دراصل مذہبی اقدار اور غریب عوام دونوں پر حملہ ہے۔سول سوسائٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ ناموں کی خلاف ورزی کرنے والے قصابوں کے لائسنس فوری طور پر منسوخ کیے جائیں اور ان کی دکانوں کو مستقل بنیادوں پر سیل بمہر کیا جائے۔ بالخصوص بلدیہ کی ناک تلے قائم سرکاری پلازہ میں قصاب گھر، گوشت گھر اور شہر کے مختلف علاقوں میں قائم گوشت فروخت کرنے والی دکانوں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، جہاں سرِعام مہنگا گوشت فروخت کر کے عوام کو لوٹا جا رہا ہے۔اسی طرح فروٹ و سبزی منڈی،بیلا نور شاہ، ویسٹرن بائی پاس، بینک روڈ، کچہری روڈ، اپر اڈا سمیت دیگر مصروف علاقوں میں فٹ پاتھوں اور سڑکوں کے کنارے غیر قانونی طور پر لگائی گئی ریڑھیوں اور ٹھیوں پر من پسند گاہکوں کو من مرضی نرخوں پر سبزی و فروٹ فروخت کرنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر سخت اور عملی کریک ڈاؤن کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ عناصر نہ صرف عوام کو لوٹ رہے ہیں بلکہ ٹریفک کی روانی اور شہری نظم و ضبط کو بھی شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔سول سوسائٹی نے واضح کیا ہے کہ اگر انتظامیہ نے بروقت اور بلا تفریق کارروائیاں جاری نہ رکھیں تو مہنگائی مافیا ایک بار پھر سر اٹھا لے گا۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال، فیلڈ میں موجود اور میڈیا کے ساتھ ہم آہنگ رہیں تاکہ روزہ داروں کو حقیقی ریلیف میسر آ سکے۔شہریوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کھڑے ہیں، مگر شرط یہ ہے کہ کارروائیاں محض اعلانات تک محدود نہ رہیں بلکہ میدان میں نظر بھی آئیں۔ رمضان المبارک کے تقدس کو پامال کرنے والوں کے لیے مظفرآباد میں اب کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے۔


