مظفرآباد

بورڈ آف پیس میں پاکستان کی شمولیت اہم سفارتی کامیابی ہے، سردار مسعود

اسلام آباد (محاسب نیوز)آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر اور امریکہ اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق سفیر سردار مسعود خان نے بورڈ آف پیس میں پاکستان کی شمولیت کو ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سفارتی سطح پر فیصلہ سازی کے ایک اعلیٰ فورم تک رسائی کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فورم میں شرکت سے پاکستان کو غزہ اور مشرقِ وسطیٰ سے متعلق اہم فیصلوں پر مؤثر انداز میں اثرانداز ہونے کا موقع حاصل ہوگا۔ایک ٹیلی وژن انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہو، مسئلہ فلسطین یا دیگر بین الاقوامی تنازعات، پاکستان نے ہمیشہ تنازعات کے پرامن حل کے لیے ایک واضح، مستند اور اصولی مؤقف اختیار کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کے معاملے میں پاکستان محض تماشائی نہیں بلکہ ایک ذمہ دار فریق کے طور پر فوری جنگ بندی اور غزہ میں جاری انسانی بحران کے خاتمے کے لیے مسلم ممالک کے ساتھ مل کر سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے حالیہ پیش رفت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کے باوجود غزہ میں تقریباً 600 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ مغربی کنارے کو اسرائیل میں ضم کرنے اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی بستیوں کی توسیع جیسے اقدامات خطے میں امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ان کے مطابق بورڈ آف پیس کی ساکھ کا انحصار اس امر پر ہوگا کہ آیا وہ جنگ بندی کو یقینی بنانے، انسانی امداد کی بحالی، ناکہ بندی کے خاتمے اور مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی انخلا جیسے اقدامات میں پیش رفت کرا سکتا ہے یا نہیں۔سردار مسعود خان نے دو ریاستی حل کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک خودمختار اور جغرافیائی طور پر منسلک فلسطینی ریاست کے قیام کا حامی ہے، جو اسرائیل کے ساتھ امن اور سلامتی کی بنیاد پر بقائے باہمی اختیار کرے۔

Related Articles

Back to top button