عوام اور جوان اولین ترجیح، دروازے ہر وقت کھلے ہوں گے، آئی جی
مظفرآباد(خبر نگار خصوصی) لیاقت علی ملک نے بطور انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر چارج سنبھالتے ہی مبارک باد پیش کرنے کے لیے آنے والے اعوان اتحاد آزاد کشمیر کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں، یہ منصب اعزاز کے ساتھ ساتھ بھاری ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ان کی اولین ترجیح عوام اور جوان ہیں۔ عوام کی جان، مال اور عزت کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، جبکہ مشکل حالات میں فرائض انجام دینے والے پولیس افسران اور جوانوں کی فلاح و بہبود کا بھی خصوصی خیال رکھا جائے گا۔آئی جی آزاد کشمیر نے پولیس فورس کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جوان سخت ترین حالات میں سینہ تان کر اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، جو قابلِ ستائش ہے۔انہوں نے ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دفتر کے دروازے عوام کے لیے ہر وقت کھلے ہوں گے۔ نہ کوئی پرچی سسٹم ہوگا اور نہ ہی ملاقات کے لیے پیشگی وقت لینے کی ضرورت ہوگی۔“جسے بھی کوئی مسئلہ ہو، وہ براہِ راست مجھ سے رابطہ کر سکتا ہے، حتیٰ کہ میرے موبائل پر بھی،”انہوں نے واضح کیا۔انہوں نے عاجزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی“وائسرے”یا بڑے افسر کی حیثیت سے نہیں آئے بلکہ یہ وردی اور رینک اللہ کی عطا ہیں، اور وہ خود کو اللہ کا ایک عاجز بندہ سمجھتے ہیں۔ ان کے بقول، جو بھی شہری ان کے پاس آئے گا وہ اللہ کی طرف سے بھیجا ہوا مہمان ہوگا، اور اس کی عزت کرنا ان پر فرض ہے۔آئی جی نے عزم ظاہر کیا کہ وہ عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن حد تک جائیں گے اور ہمیشہ عوام کو اپنے سے آگے پائیں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں انصاف کی فراہمی، عوامی توقعات پر پورا اترنے اور پولیس فورس کی بہتر قیادت کی توفیق عطا فرمائے۔آئی جی آزاد کشمیر کے اس دوٹوک اور عوام دوست پیغام کو شہری حلقوں میں مثبت انداز میں دیکھا جا رہا ہے اور اسے پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی بحالی کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔



