مذہبی ہم آہنگی،بین المسالک اتحاد فروغ‘ڈی سی جہلم ویلی کی زیر صدارت اجلاس

ہٹیاں بالا (بیورورپورٹ)ضلع جہلم ویلی میں مذہبی ہم آہنگی،بین المسالک اتحاد کے فروغ کے لیے ایک اہم اجلاس زیر صدارت ڈپٹی کمشنر بینش جرال منعقد ہوا،جس میں ایس پی جہلم ویلی سید عباس گردیزی،اسسٹنٹ کمشنر ہٹیاں بالا کامران خان،مولانا سید اسحاق نقوی،پیر فیاض کاظمی،مولانا احتشام اعوان،سید ظہورنقوی،قاری شبیر نقوی،راشد عباس کاظمی اور دیگر نے شرکت کی،اجلاس کے دوران موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں علماء کرام کے مثبت،تعمیری کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا،ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی بینش جرال نے خطاب میں علماء کرام کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں مذہبی قیادت کا مثبت،ذمہ دارانہ کردار معاشرتی استحکام کے لیے ناگزیر ہے،مذہبی رہنما معاشرے میں امن،برداشت،بھائی چارے کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں،خطباتِ جمعہ، دیگر مذہبی اجتماعات کے ذریعے عوام میں رواداری،اتحاد،قانون کی پاسداری کا شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ایس پی جہلم ویلی سید عباس گردیزی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے ضلعی انتظامیہ،پولیس علماء کرام کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں،کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے تمام تر اقدامات کیے جا رہے ہیں،ضلع بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،حساس مقامات کی نگرانی مزید موثر بنائی گئی ہے،ایس پی نے علماء پر زور دیا کہ وہ فرقہ واریت،اشتعال انگیزی کے خاتمے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کریں،اجلاس میں شریک علماء کرام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ضلع جہلم ویلی میں امن، اتحاد،بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے اپنے خطبات و بیانات کے ذریعے مثبت پیغام عام کریں گے،اجلاس کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ،امن و امان کی مضبوطی کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے گی تاکہ ضلع جہلم ویلی میں پرامن ماحول یقینی بن پائے۔




