
کھوئی رٹہ(ملک محمد حنیف اعوان) پرانی رنجش پر بھتیجے نے حقیقی چچا کو فائرنگ کر کے قتل کر دیاچچا زاد بھائی شدید زخمی، ملزم موقع سے فرار، پولیس کی ناکہ بندی کھوئی رٹہ نواحی گاؤں سیری خانپور میں زمین کے تنازعے پر اندوہناک واقعہ پیش آیا۔ بھتیجے نے اپنے حقیقی چچا محمد شبیر چوہان اور چچا زاد بھائی ذیشان شبیر پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں محمد شبیر موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ذیشان شدید زخمی ہو گیا۔عینی شاہدین کے مطابق مقتول اور اس کا بیٹا سڑک کنارے کھڑے تھے کہ اچانک ملزم اپنی اہلیہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر آیا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ زخمیوں کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال کھوئی رٹہ منتقل کیا گیا تاہم محمد شبیر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ واقعہ کے بعد تھانہ کھوئی رٹہ پولیس نے علاقے میں ناکہ بندی کرتے ہوئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے تاہم آخری اطلاع تک گرفتاری عمل میں نہ آ سکی۔ اہلیانِ علاقہ نے واقعہ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری انصاف اور ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔