مظفرآباد

نوجوان طلبہ بین الاقوامی قانون اور انسانی وقار کے علمبردار بنیں،سردار مسعود خان

پلندری (محاسب نیوز)آزادکشمیر کے سابق صدر اور اقوام متحدہ، امریکہ و چین میں پاکستان کے سابق سفیر سردار مسعود خان نے کیڈیٹ کالج پلندری میں خطاب کرتے ہوئے نوجوان طلبہ پر زور دیا ایک آزاد، باوقار اور آگے بڑھنے والا آزاد کشمیر اور پاکستان تعمیر کرنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ انہوں نے عالمی سطح پر انصاف، مساوات اور باہمی احترام پر مبنی نئے اخلاقی ضابطے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔سردار مسعود خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقوام متحدہ اور بڑی طاقتیں اپنے قیام کے بنیادی اصولوں پر عمل درآمد میں ناکام رہی ہیں، جو فلسطین غزہ اور بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم سے کھل کر سامنے آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عالمی نظام نسل کشی، قبضے اور ظلم پر خاموش رہا تو اس کی ساکھ باقی نہیں رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عالمی امن، انسانی حقوق اور علاقائی استحکام کے لیے اپنی فکری و سفارتی قوت کو ازسرنو منظم کرنے کی ضرورت ہے۔سابق صدر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اور انسانی وقار کے علمبردار بنیں اور اپنی اخلاقی بصیرت کو سٹریٹیجک سوچ کے ساتھ جوڑیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو ایک بار پھر دنیا کے دارالحکومتوں میں عزت و احترام کے ساتھ دیکھا جا رہا ہے، اور یہ رجحان برقرار رکھنا نوجوانوں کی ذمہ داری ہے۔سردار مسعود خان نے کالج کے پرنسپل بریگیڈیئر پراچہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں کالج میں مدعو کیا۔

Related Articles

Back to top button