ریڈکریسنٹ سوسائٹی کا لیسوا میں فری میڈیکل کیمپ، سینکڑوں مریضوں کا معائنہ

نیلم(راجہ ساجد) پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی آزاد کشمیر کی جانب سے وادی نیلم کے زیریں علاقہ لیسوا میں فری میڈیکل کیمپ کاانعقاد کیاگیا۔ میڈیکل کیمپ میں ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم نے مریضوں کا طبی معائنہ کیا۔ لیسواہ میں لگائے گئے میڈیکل کیمپ میں تین سو سے زائد مریضوں کے تشخیص کے ساتھ ساتھ مفت ادویات بھی دی گئیں۔ میڈیکل کیمپ میں خواتین، بچوں اور بزرگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ میڈیکل کیمپ میں لیڈی ڈاکٹرز نے بھی مریضوں کا معائنہ کیا۔ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے قبل ازیں ضلع نیلم کے9 مقامات پر میڈیکل کیمپ لگائے جہاں 03 ہزار سے زائد مریضوں کی تشخیص کی گئی اورمفت ادویات مہیاکی گئیں۔ پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی آزاد کشمیرکے چئیرمین سردار شفیق، سیکرٹری محترمہ گلزارفاطمہ کی نگرانی میں میڈیکل کیمپ لیسوا لگایاگیا اس موقع پرانہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نیلم جیسے دور افتادہ دشوارگزار علاقوں میں صحت کی سہولیات گھر گھر پہنچا نا ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیلم میں 10 ہزار مریضوں تک طبی سہولیات پہنچا نا ہدف ہے۔ غذائی کمی کا شکار، حاملہ خواتین اور بچوں کو دودھ پلانے والی ماؤں کو کیش امداد بھی دی جائے گی۔مستقبل قریب میں نیلم ویلی سیلاب متاثر ہ علاقوں میں انفرا اسٹرکچر کی بحالی کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ لائن آف کنٹرول سے متصل علاقوں کے نوجوانوں کو ریڈ کریسنٹ میں بطور رضاکار بھرتی کیا جائے گا۔ میڈیکل کیمپ کے دوران چیئرمین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی آزاد کشمیر سردار شفیق نے لیسوا میڈیکل کیمپ کے جملہ ڈیسک کامعائنہ بھی کیا۔




