نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف لانا وقت کی ضرورت ہے، سردار عتیق

مظفرآباد/ایبٹ آباد (سٹاف رپورٹر)صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عتیق احمد خان نے ایبٹ آباد کے علاقے نمبل بانڈیاں میں منعقدہبانڈیاں سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر مرکزی چیف آرگنائزر مسلم کانفرنس راجہ ثاقب مجید، سٹی صدرسجاد انور عباسی، اور مرکزی مجلس عاملہ کے ممبر عبدالجبار عباسی بھی ان کے ہمراہ تھے۔فائنل میچ دیکھنے کے لیے نوجوانوں، کھلاڑیوں اور شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود تھی۔ سردار عتیق احمد خان کو آمد پر منتظمین اور نوجوان کھلاڑیوں نے پرتپاک استقبال کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ کھیلیں معاشرے کی مثبت پہچان ہیں۔ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف لانا وقت کی ضرورت ہے۔ کھیل نظم و ضبط، ٹیم ورک اور قیادت کا جذبہ پیدا کرتی ہیں۔ آزاد کشمیر اور پاکستان کے نوجوان کسی میدان میں کم نہیں۔”انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنے اور اسپورٹس کلچر کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے شاندار انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور نوجوانوں کے جذبے کو سراہا۔تقریب کے اختتام پر انہوں نے جیتنے والی ٹیم کو ونر ٹرافی اور کیش انعام جبکہ رنر اپ ٹیم اور بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں بھی سرٹیفکیٹس اور انعامات تقسیم کیے۔دریں اثناء گفتگو کرتے ہوئے سردار عتیق احمد خان نے نشانِ حیدر کیپٹن محمد سرور شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ”کیپٹن سرور شہید کی بہادری، جرأت اور قربانی پاکستان کی تاریخ کا روشن باب ہے۔ قوم اپنے ہیروز کی قربانیوں کی مرہونِ منت ہے، اور نوجوان نسل کو ان سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔”انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، یہ ہمارے قومی وجود کی ضمانت ہیں۔تقریب دعائیہ کلمات کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔



