وزیرلوکل گورنمنٹ عامر یسین نے سلاٹر ہاؤس تعمیرکرنے کی نوید سنادی
مظفرآباد(خبر نگار خصوصی) وزیراعظم آزاد کشمیر کی ہدایات کے تناظر میں وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی چوہدری عامر یسین کا تاریخی اقدام،دارالحکومت مظفرآباد میں 25سال بعد آخر سلاٹر ہاؤس کے تعمیر کی نوید سنا دی گئی،سلاٹر ہاؤس تعمیر ہوگا۔لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی آزاد کشمیر نے امبور کے مقام پر جدید سلاٹر ہاؤس کی تعمیر کے لیے پی سی ون منظور کر کے مالی سال 2025-26 کی اے ڈی پی میں شامل کر دیا ہے۔ منصوبے کی منظوری کے بعد محکمہ نے باقاعدہ طور پر پلاننگ و ڈیزائننگ کے مراحل شروع کر دیے ہیں۔محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق جدید طرز کا یہ سلاٹر ہاؤس شہریوں کو معیاری اور صحت مند گوشت کی فراہمی یقینی بنانے، غیر معیاری ذبح خانے ختم کرنے اور ماحول دوست نظام متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ منصوبے کے تحت ویسٹ مینجمنٹ، جدید مشینری، ویٹرنری انسپیکشن رومز اور صفائی کے بین الاقوامی معیار اختیار کیے جائیں گے۔عوامی و سماجی حلقوں نے منصوبے کو شہر کی بنیادی ضروریات میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ منصوبہ بروقت مکمل ہو کر مظفرآباد میں صفائی اور حفظان صحت کے نظام کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

