عوام کو تین ماہ میں تبدیلیاں نظر آئیں گی‘ فیصل راٹھور

مظفرآباد(محاسب نیوز)وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ بلدیاتی ادارہ جات کے ملازمین کی پنشن کا معاملہ فوری طور پر یکسو کیا جا رہا ہے، بلدیاتی ملازمین کی پنشن کی فائل پر دستخط کر دیئے ہیں، ملازمین کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے، بلدیہ مظفرآباد میں ون ونڈو سہولت مرکز کو جلد فعال کر دیا جائے گاتاکہ مظفرآباد کے شہریوں کی مشکلات کم ہو سکیں اور انہیں تعمیرات کیلئے اجازت لینے کیلئے مختلف دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں، آزادکشمیر کے اندر حقیقی عوامی حکومت قائم ہو گئی ہے، عوام کی مشکلات کا ازالہ اور انہیں سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ مظفرآباد کے دورے کے موقع پر میئر میونسپل کارپوریشن سید سکندرنثار گیلانی سے گفت گو کے دوران کیا،اس موقع پر وزیر جنگلات،وائلڈ لائف فشریزسردار جاوید ایوب، ڈپٹی میئر خالد اعوان، بلدیہ حکام، سٹی کونسلرز اور شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی، وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مظفرآباد آزاد ریاست کا چہرہ ہے، دارالحکومت کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ منصوبے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی، تعمیرات کے این او سی کے لئے بلدیہ کے اندر ہی ون ونڈو سہولت مرکز قائم کیا جائے گاتاکہ شہریوں کو ایک ہی چھت تلے سہولیات میسر آ سکیں، وزیراعظم آزادکشمیر نے مزید کہا کہ بلدیاتی ادارہ جات کی ملازمین کو پنشن کی ادائیگی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے گئے ہیں، ریٹائرڈ ملازمین کو فوری طور پر پنشن کی ادائیگی کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں، ملازمین کو جلد پنشن ملے گی، اس موقع پر وزیراعظم نے بلدیہ کو ہدایت کی کہ شہر کے اندر صفائی ستھرائی کے عمل کو بہتر بنایا جائے، اس سلسلہ میں حکومت بلدیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔


