میرپوربورڈ انٹرمیڈیٹ نتائج کااعلان،ماڈل سائنس کالج مظفرآباد کی7 پوزیشنیں

مظفرآباد /میرپور(محاسب نیوز) آزاد جموں و کشمیر انٹرمیڈیٹ و ثانوی تعلیمی بورڈ میرپور نے انٹرمیڈیٹ پارٹ دوم (کمپوزٹ) سالانہ امتحان 2025ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ اس بار گورنمنٹ ماڈل سائنس کالج مظفرآباد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف گروپس میں سات نمایاں پوزیشنز اپنے نام کیں۔ کالج کے طلبہ نے پری میڈیکل (بوائز) گروپ میں دوسری اور تیسری، پری انجینئرنگ (بوائز) گروپ میں پہلی اور سائنس جنرل گروپ میں بھی پہلی پوزیشن حاصل کی۔ یوں ادارے نے پہلی بیس پوزیشنز میں سے سات پوزیشنز سمیٹ کر نہ صرف مظفرآباد بلکہ پورے آزاد کشمیر میں اپنی علمی برتری منوا لیا۔ پرنسپل پروفیسر طاہرہ مقبول کو اس شاندار کامیابی پر والدین، عوامی اور تعلیمی حلقوں کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں اور ان کی قیادت، بہترین نظم و نسق اور تدریسی معیار کو بھرپور سراہا جا رہا ہے۔بورڈ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کل اٹھالیس ہزار تین سو ایک امیدواران میں سے چون ہزار ایک سو ستر نے امتحان میں شرکت کی، جن میں سے پچیس ہزار تین سو پچھتر کامیاب قرار پائے۔ یوں مجموعی کامیابی کا تناسب پینسٹھ فیصد رہا۔ ریگولر طلبہ کا نتیجہ بہتر رہا اور کامیابی کا تناسب چوہتر فیصد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پرائیویٹ امیدواروں کی کامیابی کی شرح اکتالیس اعشاریہ چھیاسی فیصد رہی۔ ترجمان کے مطابق ریگولر امیدواران کے رزلٹ کارڈز ادارہ جات کو بذریعہ رجسٹرڈ ڈاک ارسال کر دیے گئے ہیں جبکہ پرائیویٹ امیدواران کو رزلٹ کارڈز عام ڈاک کے ذریعے ارسال کیے گئے ہیں۔پوزیشن ہولڈرز میں بھی اس بار طالبات نے شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔ پری میڈیکل گروپ (لڑکیاں) میں میرپور سائنس کالج فار گرلز کی اسرا عمر دختر عمر جلیل نے گیارہ سو اکسٹھ نمبر لے کر پہلی، انوویٹرس سکول اینڈ کالج سماہنی بھمبر کی اقراء اظہر دختر اظہر الرحمن نے گیارہ سو اٹھاون نمبر کے ساتھ دوسری اور نسیحہ مجید دختر محمد مجید نے گیارہ سو چھپن نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔آزاد کشمیر کی سطح پر مجموعی پوزیشنز میں بھی میرپور کی اسرا عمر گیارہ سو اکسٹھ نمبر کے ساتھ پہلی، راولاکوٹ پونچھ کے سٹار انسٹیٹیوٹ آف ماڈرن اسٹڈیز کی حنا ببر دختر بابر حسین گیارہ سو انسٹھ نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ سماہنی بھمبر کی اقراء اظہر گیارہ سو اٹھاون نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔