مظفرآباد

سردار ضیاء القمر نے4دسمبر کو باغ میں بڑے پاور شو کا اعلان کر دیا

باغ(بیورو رپورٹ)وزیر تعمیرات عامہ سردار ضیاء القمرنے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ4 دسمبر کو باغ کی تاریخ کا ایک عظیم الشان اور فیصلہ کن جلسہ عام منعقد کیا جا رہا ہے، جس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ جلسہ عام میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل راٹھور، سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس، سابق سینئر وزیر سردار قمرالزمان، سابق صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر حاجی محمد یعقوب خان سمیت آزاد حکومت کے وزراء اور جماعت کے قائدین شرکت کریں گے۔سردار ضیاء القمرنے کہا کہ جلسہ عام کو تاریخی کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے گاؤں، محلہ اور وارڈ کی سطح پر خصوصی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جن میں کارکنان بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ سرگرم عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پندرہ برس بعد پیپلز پارٹی کی حکومت کا آزاد کشمیر میں قیام غریب عوام کی بڑی فتح ہے۔ عوام کے چہروں پر خوشی اور امید کی نئی لہر پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ابتدائی سات ماہ تاریخ ساز ثابت ہوں گے، جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر جلسہ عام میں باغ کے لیے بڑے میگا پراجیکٹس کا اعلان کریں گے۔ یہ فیصلے باغ کے عوام کی خواہشات اور ضروریات کے مطابق ہوں گے، جو علاقے کی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔پریس کانفرنس میں ایک پرہجوم اور پرجوش کارکن اجلاس سے سابق مشیراعظم سردار خالد محمود چغتائی، انجمن تاجران باغ کے صدر سردار افتخار زمان، انجمن تاجران پونچھ صدر حافظ طارق محمود، سید فاروق گردیزی، سابق ایڈمنسٹریٹر سید عامر خورشید گردیزی،ڈپٹی میئر افراد گردیزی سمیت سینکڑوں کارکنان پیپلز پارٹی بھی موجود تھے۔

Related Articles

Back to top button