مظفرآباد

چکہامہ کے دیہاتوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ عوام سڑکوں پر نکل آئے

ہٹیاں بالا(بیورورپورٹ)چھم پاور ہاؤس نڑڈجیاں سے یونین کونسل چکہامہ کے متعدد دیہاتوں میں غیر اعلانیہ اور ناقابل برداشت لوڈشیڈنگ سے تنگ عوام سڑکوں پر نکل آئے،گڑمنڈا میں مکمل شٹر ڈاؤن، ایکشن کمیٹی یونین کونسل چکہامہ کے زیر اہتمام عوام کا محکمہ پی ڈی او،برقیات کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اوردھرنا،برقیات،پی ڈی او،انتظامیہ کے خلاف سخت نعرے بازی،تین گھنٹے تک مرکزی شاہراہ بند،گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔تفصیلات کے مطابق منگل کے روز بجلی کی غیر اعلانیہ اور ناقابل برداشت لوڈشیڈنگ کے خلاف یونین کونسل چکہامہ کے دیہاتوں کونا،بلکوٹ،بانڈی چکاں،درہ،بٹنگی اور گردونواح کے علاقوں کے عوام نے راجہ حمزہ جاوید،فراز مغل،عباس شبیر مغل اور دیگر کی قیادت میں گڑمنڈا کے مقام پر ٹائر جلا کر مرکزی روڈ بند کر کے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا دیا، جبکہ تاجروں نے شٹر ڈاؤن کیا،مظاہرین نے محکمہ برقیات، پی ڈی او کے خلاف سخت نعرے بازی کی،روڈ بندش کے باعث روڈ کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں،احتجاج شروع ہونے کے تقریباً دو گھنٹے بعد محکمہ برقیات، پولیس، انتظامیہ کے زمہ داران نے موقعہ پر پہنچ کر مظاہرین سے کامیاب مذاکرات کرتے ہوئے انھیں یقین دہانی کروائی کہ تین دن کے اندر شیڈول کے علاوہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی،نظام کو بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی، چھم کے مقام پر ریت سے بھر جانے والے ڈیم کو خالی کروا کر پانی کو سٹور کر کے پاور پروجیکٹ تک پانی پہنچایا جائے گا جس سے بجلی کے تمام تر مسئلے حل ہو جائیں گے اس کے علاوہ مظاہرین کو یہ بھی یقین دہانی کروائی گئی کہ تمام علاقوں کو شام چار بجے سے نو بجے تک فری لوڈ شیڈنگ بجلی دی جائے گی،مظاہرین اور انتظامی ذمہ داران کے درمیان تحریری معاہدے کے بعد مظاہرین نے تقریباً تین گھنٹے بعد روڈ ٹریفک کے لیے کھول دی جس کے بعد دونوں اطراف پھنسی ہوئی درجنوں گاڑیاں اپنی منزل کی طرف روانہ ہوئیں،مظاہرین کا موقف تھا کہ پاور ہاؤس چھم ایک گھنٹہ بھی مکمل بجلی فراہم نہیں کرتا کبھی بیس منٹ، کبھی تیس منٹ بعد گھنٹوں کے لیے بجلی بند کر کے عوام کو مشکلات سے دوچار کیا جارہا ہے، آج ہم نے انتظامیہ کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کیا ہے اگر آئندہ بھی ظالمانہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا تو ہم تین دن بعد پاور ہاؤس خاطر نار کی طرف مارچ کریں گے اس دوران حالات خرابی کی تمام تر زمہ داری محکمہ پی ڈی او،برقیات،پولیس اور جہلم ویلی انتظامیہ پر عائد ہو گی۔۔۔۔۔۔

Related Articles

Back to top button