کابینہ اجلاس‘محکموں کی تعداد 20‘ نیلم جہلم پراجیکٹ دوطرفہ معاہدہ کی منظوری

مظفرآباد(محاسب نیوز)آزادجموں وکشمیرکابینہ کا اجلاس وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدات بدھ کے روز وزیراعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔کابینہ اجلاس میں ریکارڈ تیس پوائنٹ ایجنڈا پیش ہوا۔آزادجموں وکشمیر کابینہ کے اجلاس میں حکومتی محکمہ جات کی تعداد کو 20کرنے، آزادجموں وکشمیر احتساب بیورو ایکٹ آٹھویں ترمیم2025، محکمہ لوکل گورنمنٹ کے زیراہتمام سول رجسٹریشن فیس کے شیڈول، دوران ڈیوٹی زخمی یا فوت ہوجانے والے محکمہ برقیات کے جملہ ملازمین بشمول ورکچارج کیلئے مالی امداد و علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی،پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن ایکٹ 2024میں پانچویں ترمیم، نیلم جہلم ہائیڈروپاور پراجیکٹ کے حوالے سے واٹرپوٹینشل کے استعمال کیلئے دوطرفہ معاہدے، مہاجرین 1989-90کیلئے جاریہ سکیم کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے، منگلا ڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی میرپور کے نظرثانی میزانیہ2024-25اورتخمینہ میزانیہ2025-26، سول ڈیفنس 1122سیکٹر سی نیوسٹی میرپور کے بجائے 1122 ایس ڈی ایم اے کو متبادل رقبہ کی الاٹمنٹ، یونیورسٹی آف حویلی کے اندوومنٹ فنڈ کے قیام، ہاوس جاب کرنیوالے ڈاکٹرز کووظیفے کی فراہمی/اضافے،عدالت العالیہ کے فیصلے کی روشنی میں سول سیکرٹریٹ کے ملازمین کو سپیشل الاؤنس 100فیصد کے بقایا جات کی ادائیگی، بینک آف آزادجموں کشمیر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی، محکمہ اوقاف کے نظرثانی میزانیہ2024-25اور2025-26، اسلامی نظریاتی کونسل کے تصفیہ طلب امور کے حوالے سے قائم کمیٹی کی سفارشات، شیڈول ٹیکس ٹاؤن کمیٹی کہوڑی ضلع مظفرآباد، بلدیاتی ادارہ جات کے لیے اضافی رقم برائے پنشن فنڈکی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سابق وزیر اعظم کا ”اصولی منظوری” حاصل کرنے کا فیصلہ واپس لیکر محکمہ جات کو رولز آف بزنس کے تحت طے شدہ طریقہ کار اپنانے کی منظوری دی گئی۔ کابینہ کو تعلیمی پیکج اور محکمہ ہائرایجوکیشن کے استحکام کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کو نئی ٹرانسپورٹ پالیسی بارے بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں متعلقہ سیکرٹریز حکومت نے کابینہ کو جموں وکشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ طے شدہ معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کابینہ کو بتایاگیاکہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کیساتھ طے شدہ معاہدے کے مطابق ایف آئی آز کو ختم کرنے اور تینوں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں ویمن اینڈ چلڈرن پولیس اسٹیشن کے قیام اور طے شدہ معاہدے کے مطابق پانچ کے وی اے بجلی کے ٹیرف کا نوٹیفکیشن جاری ہوچکا ہے۔ طے شدہ معاہدے کے مطابق شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کو معاوضہ جات کی ادائیگی کی جارہی ہے، شہداء کے لواحقین میں سے ایک ایک شخص کو سرکاری ملازمت دینے کے حوالے سے درخواستیں وصول کی جارہی ہیں، میرپور اور راولاکوٹ میں تعلیمی بورڈز کی منظوری ہو چکی ہے



