راولاکوٹ: با اثر افراد پر زبردستی راستہ بند کررہے ہیں’ بیوہ محمد حسین کی پریس کانفرنس

راولاکوٹ (اخلاق احمد خان)راولاکوٹ کی نواحی یونین کونسل سنگولہ کی وارڈ بنی کی رہائشی بابل بیوہ محمد حسین نے چیئرپرسن کشمیر ویمن رائٹس آرگنائزیشن نسیم صدیق کے ہمراہ غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے با اثر افراد پر زبردستی راستہ بند کرنے، فصلوں کو نقصان پہنچانے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابل جان بیوہ محمد حسین نے کہا کہ محمد عباس نور حسین اس کی بیوی اختر جان اور دیگر افراد نے ان کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا گھر اور زرعی زمین کئی دہائیوں سے موجود ہے اور آمد و رفت کے لیے قائم واحد راستہ ان بااثر افراد نے طاقت کے زور پر بند کر دیا ہے، جس کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے الزام عائد کیا کہ مذکورہ افراد نے ان کی فصلیں تباہ کی ہیں پھلدار درخت کاٹے اور بکریوں کے ذریعے پودے ضائع کروائے ہیں جبکہ پوچھنے پر تشدد اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں متاثرہ خاتون نے کہا کہ آئے روز ہراساں کیے جانے کے باعث ان کی زندگی اجیرن بن چکی ہے اور ڈر کے مارے راولاکوٹ میں کرائے کے گھر میں رہتی ہیں بابل بیوہ محمد حسین نے بتایا کہ وہ اس حوالے سے متعدد بار متعلقہ حکام اور چیئرمین یونین کونسل سنگولہ کو درخواستیں دے چکی ہیں، تاہم تا حال کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا جس سے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کا خدشہ بڑھتا جا رہا ہے انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر موقع پر انکوائری کروائی جائے زبردستی بند کیا گیا راستہ بحال کیا جائے اور ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تا کہ انہیں انصاف اور تحفظ فراہم ہو سکے #




