مظفرآباد

ریونیو آفیسران کی فیلڈ میں عملی تربیت کا آغاز،نظام بہتری میں اہم پیشرفت

بھمبر(بیورو رپورٹ)ریونیو افسران کی فیلڈ میں عملی تربیت کا آغاز، ریونیو نظام میں بہتری کی جانب اہم پیش رفت ضلع بھمبر میں ریونیو افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے ایک مؤثر اور دور اندیش اقدام کے تحت فیلڈ میں عملی تربیت کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ چھمب افتخار آباد میں جاری بندوبستِ اراضی کے عمل کے دوران زیرِ تربیت ریونیو افسران کو عملہ? بندوبست کے ہمراہ فیلڈ میں تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ وہ محض دفتری امور تک محدود رہنے کے بجائے زمینی حقائق، عوامی مسائل اور بندوبستی معاملات کا براہِ راست اور عملی تجربہ حاصل کر سکیں۔یہ تربیتی مرحلہ مہتمم بندوبست منیر احمد قریشی کی خصوصی ہدایت پر 15 دسمبر 2025 سے شروع کیا گیا، جس کے تحت تربیتی افسران راجہ نعیم حبیب، شفیق احمد شوق، ڈاکٹر ثاقب بشیر اور فیصل احمد چوہدری (تحصیلداران) کو چھمب افتخار آباد کے بندوبستی حلقہ میں عملی تربیت کے لیے مامور کیا گیا ہے۔زیرِ تربیت افسران کی فیلڈ میں رہنمائی اور عملی تربیت کی ذمہ داری محمد ممتاز لاڑک، پٹواری بندوبست بانیاں چھمب (افتخار آباد) کو بطور انسٹرکٹر سونپی گئی ہے، جو اپنے وسیع تجربے اور عملی مہارت کی بنیاد پر بندوبستی امور کی باریکیوں، قوانین اور زمینی حقائق سے افسران کو آگاہ کر رہے ہیں۔تربیتی عمل کی مجموعی نگرانی محمد انعام باری، نائب مہتمم بندوبست ضلع بھمبر اور راجہ اعجاز احمد خان، تحصیلدار بندوبست ضلع بھمبر کر رہے ہیں، جو اس امر کو یقینی بنا رہے ہیں کہ تربیت مؤثر، عملی اور قواعد و ضوابط کے عین مطابق ہو۔محکمہ ریونیو کے حلقوں کے مطابق اس عملی تربیت کے نتیجے میں مستقبل میں ریونیو افسران زیادہ باصلاحیت، تجربہ کار اور عوامی مسائل سے باخبر ہوں گے، جس سے نہ صرف بندوبستی امور میں بہتری آئے گی بلکہ عوام کو بروقت اور منصفانہ ریلیف کی فراہمی بھی ممکن ہو سکے گی۔

Related Articles

Back to top button