ایاز صادق بھارتی وزیر خارجہ مصافحہ نئے تعلقات کی بنیاد بنے گا، مسعود خان

اسلام آباد (بیورورپورٹ) امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق مستقل نمائندے سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے درمیان غیر متوقع مگر بامقصد مصافحہ اورمسکراہٹوں کا تبادلہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں ممکنہ ری سیٹ کی بنیاد بن سکتا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے تعلقات کے حوالے سے حالیہ پیش رفت پر ایک ٹیلی وژن پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے انہوں نے کہا کہ اعلیٰ ترین سیاسی سطح پر اس نوعیت کے اشارے عموماً اتفاقیہ نہیں ہوتے، بالخصوص ایسے دو ایٹمی ہمسایہ ممالک کے درمیان جن کی تاریخ کشیدگی اور عدم اعتماد سے بھری ہے۔ سردار مسعود خان کے مطابق یہ ملاقات یا تو سوچے سمجھے سفارتی عمل کا حصہ ہے یا پھر پسِ پردہ رابطوں کی ایک طویل کوشش کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وزیر خارجہ کی جانب سے، جنہوں نے ماضی میں مصافحہ کرنے سے انکار کیا، آگے بڑھ کر پاکستان کے اسپیکر سے رابطہ کرنا اور خیر سگالی کا اظہار کرنا معمول کا سفارتی عمل نہیں بلکہ سیاسی طور پر بامعنی قدم ہے۔انہوں نے اسپیکر سردار ایاز صادق کو مفاہمت پسند اور باوقار سیاستدان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شائستگی اور رابطے استوار کرنے کی شہرت نے ممکنہ طور پر بھارتی وزیر خارجہ کو اس اقدام پر آمادہ کیا۔




