مظفرآباد
شہید ذوالفقار علی بھٹو مدبر عوامی شخصیت تھے، مبارک حیدر
مظفرآباد (سپیشل رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے نائب صدر، سابق ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن اور امیدوار اسمبلی حلقہ 3 سٹی سردار مبارک حیدر نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 98ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ شہید بھٹو ایک ہمہ جہت، مدبر اور عوامی رہنما تھے جنہوں نے پاکستان کو ایک مضبوط، خودمختار اور باوقار ریاست بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو متفقہ آئین دیا، ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اور ملک کو اسلامی دنیا میں ایک باوقار مقام دلایا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھٹو شہید نے مزدوروں، کسانوں اور پسماندہ طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے اور عام آدمی کو اقتدار کے ایوانوں تک رسائی دی۔؎سردار مبارک حیدر نے کہا کہ بھٹو شہید کا فلسفہ“روٹی، کپڑا اور مکان”آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی اسی منشور کے تحت عوامی خدمت کے مشن پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی بھٹو شہید کے مشن کو آگے بڑھا رہی ہے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کا نام تاریخ کے سنہری حروف میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔





