مظفرآباد

آزادکشمیر کا آئینی اور گورننس نظام مربوط ہے، جسٹس رضا علی

مظفرآباد (پی آئی ڈی) 45ویں مڈ کیئریر مینجمنٹ کورس کے شرکاء نے سپریم کورٹ آف آزاد جموں و کشمیر کا دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر کورس کے شرکاء نے سینئر جج سپریم کورٹ آف آزاد جموں و کشمیر جسٹس رضا علی خان سے ملاقات کی۔وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس رضا علی خان نے کہا کہ مڈ کیئریر مینجمنٹ کورس کے شرکاء کا سپریم کورٹ کا دورہ خوش آئند اقدام ہے، ایسے دوروں سے جوڈیشری اور سول سروس کے درمیان باہمی فہم اور مؤثر رابطے کو فروغ ملتا ہے۔ اس نوعیت کے مینجمنٹ کورسز ریاستی نظام میں آئین و قانون کی بالادستی، مؤثر گورننس اور فعال انتظامی ڈھانچے کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس رضا علی خان نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کا آئینی اور گورننس کا نظام مربوط ہے، ریاست میں آئین اور قانون کی بالادستی پر مکمل یقین رکھا گیا ہے، موثر اور برق رفتار انصاف کی فراہمی کے لیے عدلیہ کا کردار کلیدی ہے، انہوں نے کہا کہ عدلیہ آزاد کشمیر کے عوام کے حقوق کی محافظ ہے، انصاف کی فراہمی عدلیہ کی اولین ذمہ داری ہے، سول سروس ریاستی نظام میں آئین کے مؤثر نفاذ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آزاد کشمیر آئین کی محافظ اور قانون کی بالادستی کے نفاذ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ آزاد کشمیر میں عوام اور حکومتوں کے درمیان انصاف، برابری اور مساوات کے فروغ میں عدلیہ کا کردار مثالی ہے، انہوں نے کہا کہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور آئین کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے بہترین اشتراک ہی ریاستی نظام کو مزید مضبوط بنا سکتا ہے۔اس موقع پر رجسٹرار سپریم کورٹ مظہر اقبال نے وفد کو بریفنگ دی۔ بعد ازاں سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس رضا علی خان نے وفد کے سربراہ کو سووینئر پیش کیا، جبکہ وفد کے سربراہ نے جسٹس رضا علی خان کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔

Related Articles

Back to top button