مظفرآباد

نیلم میں موبائل سروس فراہمی‘نیٹ ورک کی تنصیب کے لیے سروے کا آغاز

نیلم(بیورو رپورٹ)ڈپٹی کمشنرچوہدری اقبال حسن نے موبائل سروسزکی بہتری کیلئے مختلف موبائل کمپنیوں کے انجینئرز سے مشاورتی اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر صحافیوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ انجینئرز کی ٹیم کا بالائی نیلم سے سروے کاآغاز،ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن نے انجینئر وفد کو بالائی نیلم گائیڈ لائن اور سہولیات فراہمی کی معاونت کیلئے احکامات جاری کردئے۔انجینئرز کے مطابق موبائل کمپنیاں اپنی لائنز اور ٹاورز کی تنصیب کرینگے۔ مختلف موبائل کمپنیوں کی جانب سے نیٹ ورک کی تنصیب کے لیے سروے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر چوہدری اقبال حسن اورنیلم پریس کلب کے نمائندگان اور متعلقہ اداروں کے درمیان مشاورت کے بعد سروے ٹیمیں مختلف علاقوں میں روانہ ہو چکی ہیں۔ واضح رہے کہ اس وقت نیلم ویلی اور لیپہ ویلی میں صرف ایس کام نیٹ ورک دستیاب ہے، جس پر صارفین کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث شدید لوڈ رہتا ہے، نتیجتاً عوام کو موبائل سگنلز، انٹرنیٹ اور کال کوالٹی کے مسائل کا سامنا رہتا ہے۔ دیگر موبائل نیٹ ورکس کی آمد سے ایس کام ٹاورز پر لوڈ کم ہوگا اور صارفین کو بہتر اور معیاری سہولیات میسر آئیں گی۔ڈپٹی کمشنر چوہدری اقبال حسن نے کہا کہ مختلف موبائل کمپنیوں کو نیٹ ورک کی فراہمی کے لیے سروے کے بعد متعدد تکنیکی اور انتظامی مراحل سے گزرنا پڑتا ہے، جس میں کچھ وقت درکار ہوگا، تاہم یہ ایک مثبت پیش رفت ہے اور مستقبل قریب میں دیگر نیٹ ورکس کی دستیابی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سروے ٹیموں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔سروے پر مامور انجینئرز کے مطابق جغرافیائی صورتحال اور تکنیکی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ نیٹ ورک کی تنصیب مؤثر اور پائیدار ہو۔ سروے مکمل ہونے کے بعد عملی اقدامات کا آغاز کیا جائے گا۔صدر نیلم پریس کلب جاوید اسد اللہ نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں تعلیم، کاروبار اور روزمرہ زندگی کا انحصار ڈیجیٹل سہولیات پر ہے، جبکہ موجودہ نیٹ ورک معیار پر پورا نہیں اتر رہا۔

Related Articles

Back to top button