مظفرآباد کی ضلعی انتظامیہ غیر قانونی اڈہ مالکان سے خوفزدہ ہوکر رہ گئی

مظفرآباد(کرائم رپورٹر) انتظامیہ غیر قانونی اڈہ مالکان سے خوفزدہ؟ یا ملی بھگت شہر میں غیر قانونی اڈوں اور ہولڈنگ بینرز کی بھرمار نے ٹریفک جام اور بدانتظامی کو انتہاء پر پہنچا دیا۔ انتظامی آفیسران فوٹو سیشن کی حد تک محدود، ریاستی دارالحکومت مظفرآباد میں غیر قانونی ٹرانسپورٹ ڈائریکشن اسٹینڈز، بائیکیا سروس اور مختلف اضلاعی و صوبائی ٹرانسپورٹ بینرز کی بھرمار نے شہری زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ شہر کے مختلف مقامات پر قائم یہ غیر قانونی اڈے ٹریفک جام کا باعث بن رہے ہیں، جس سے روزمرہ آمدورفت میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ذرائع کے مطابق رکشہ، بائیکیا اور دیگر پرائیویٹ ٹرانسپورٹ سروسز نے سڑکوں کے ساتھ ساتھ فٹ پاتھوں پر بھی قبضہ جما رکھا ہے، جس کے باعث پیدل چلنے والوں کے لیے راستے محدود ہو چکے ہیں۔ اہم شاہراہوں، چوکوں اور بازاروں میں ہر وقت گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھی جا سکتی ہیں، جبکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے مؤثر کارروائی نہ ہونے پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ غیر قانونی بینرز اور اسٹینڈز نہ صرف شہر کی خوبصورتی کو متاثر کر رہے ہیں بلکہ حادثات کے خطرات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے مختلف مقامات پر بغیر اجازت نصب کیے گئے سائن بورڈز اور اشتہاری بینرز ڈرائیورز کی توجہ بھی منتشر کرتے ہیں شہریوں نے چیف سیکرٹری آزادکشمیر سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ان اڈوں اور تجاوزات کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے



