مظفرآباد

سردار عتیق کی وزیراعظم فیصل راٹھور سے ملاقات ‘سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

سردار عتیق کی وزیراعظم فیصل راٹھور سے ملاقات ‘سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
مظفرآباد (محاسب نیوز)صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان کی وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور سے یوم یکجہتی کشمیر اور آزادکشمیر کی تازہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے ملاقات۔ملاقات میں دیگر سیاسی امور کے علاوہ حلقہ غربی باغ کے گزشتہ احتجاج کے دوران ہونے والے نقصانات کے ازالے اور متبادل کی فراہمی پر سیر حاصل گفتگو۔دھیرکوٹ میں نئے ویل ڈوزر، فائر بریگیڈ کی گاڑی، واٹر ٹینکر،کالج بس، دھیرکوٹ تحصیل ہیدکوارٹر ہسپتال کے لئے نئی ایمبولینس، حلقہ غربی باغ میں تعلیمی ادارہ جات میں خالی آسامیوں کی فراہمی اوراپ گریڈیشن کے علاوہ حلقہ غربی باغ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور نئے منصوبہ جات کے حوالے سے مفصل گفتگو۔ وزیراعظم کی طرف سے صدرمسلم کانفرنس کو ان تمام امور پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔ملاقات میں این ٹی ایس کی ویٹنگ امیدواروں کی مستقلی کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ملاقات میں حکومت آزادکشمیر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق سیکرٹری صاحبان کی تعداد میں کمی کی گئی جس کے نتیجے میں سیکرٹری اوقات، سیکرٹری ٹورزم اور سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی کی آسامیاں بھی ختم کرکے انھیں دوسرے محکمہ جات میں مدغم کردیا گیا اس حوالے سے صدرمسلم کانفرنس نے وزیراعظم کے ساتھ شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تینوں شعبہ جات نہایت اہمیت کے حامل ہیں جنھیں کسی صورت دوسرے محکمہ جات میں مدغم نہیں کیا جانا چاہیے۔ جہاں تک سیکرٹری اوقاف کا تعلق ہے ساری ریاست جموں وکشمیر کی طرح آزادکشمیر میں بھی ہر بستی، آبادی اور علاقے میں پیرخانے، خانقاہیں اور روحانی مراکز موجود ہیں جن کے ساتھ ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں کی تعداد میں عقیدت مند منسلک ہیں۔ انکی کے احترام اور تقدس کا تقاضہ یہ ہے کہ نہ صرف اس محکمے کے سیکرٹری کو بحال رکھا جائے بلکہ اس کو زیادہ مضبوط اور موثر کرنے کی ضرورت ہے۔ جہاں تک انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت کا تعلق ہے یہ دو ایسے شعبہ جات ہیں جن کے ساتھ ملک کی معیشت اور نئی نسل کے روزگار کا گہرا تعلق ہے۔ دنیا بھر میں اس وقت سب سے زیادہ توجہ سیر وسیاحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں دی جارہی ہے۔ آزاد کشمیر میں اس بات کی شدید ضرورت ہے کہ نئی نسل کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم سے ہم آہنگ کیا جائے اور معاشی ترقی اور روزگار کی فراہمی کے لیے سیر سیاحت کے شعبہ میں زیادہ سے زیادہ ممکنہ بہتری لائی جائے۔ یہی دو شعبہ جات ایسے ہیں جن میں آزاد کشمیر کے لئے سرمایہ کاری کا راستہ آسانی سے ہموار کیا جاسکتا ہے۔ ان شعبہ جات کے سیکرٹری صاحبان کی آسامیوں کے خاتمے سے سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والوں کی انتہائی حوصلہ شکنی ہوسکتی ہے۔ لہذا ضروری ہے کہ ان تینوں شعبہ جات کے سیکرٹری صاحبان کی آسامیوں کو حکومت بلا تاخیر بحال کرے اور گر ناگزیر ہے تو دوسرے بعض شعبہ جات کو ان آسامیوں کے ساتھ منسلک اور مدغم کیا جائے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے اس تجویز سے اصولی طور پر اتفاق کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ کابینہ کے اراکین اور انتظامیہ کے دیگر ماہرین سے مشاورت کرکے بہتر راستہ نکالنے کی کوشش کریں گے۔ملاقات میں مسلم کانفرنس غربی باغ ترقیاتی بورڈ کے چیئرمین سردار شاہد عباسی اور راجہ عبدالجبار بھی موجود تھے۔

Related Articles

Back to top button