پی ٹی آئی بڑاسیاسی جھٹکا،شیر پہاڑ کے فرزند سردار تبارک شیروں کی جماعت مسلم لیگ ن میں شامل

اسلام آباد (بیوروپورٹ)پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کو ایک اور بڑا سیاسی جھٹکا اس وقت لگا جب مظفرآباد ڈویژن کے حلقہ کوٹلہ سے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما سردار تبارک علی نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی۔ شمولیتی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے سردار تبارک علی کو مسلم لیگ (ن) کا مفلر پہنا کر جماعت میں باقاعدہ خوش آمدید کہا۔ تقریب میں وفاقی وزیر سردار محمد یوسف، ایم این اے ملک ابرار، صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر و اپوزیشن لیڈر شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، سینئر مرکزی سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق، نائب صدر راجہ مشتاق منہاس، نورین عارف، مصطفیٰ بشیر عباسی، راجہ ثاقب مجید، سردار طارق، سردار فرحان اعظم اور دیگر مرکزی و ضلعی رہنما بڑی تعداد میں موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ سردار تبارک علی کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر انہیں دلی خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شمولیتی تقریب کی ویڈیو قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کو بھیجی گئی جس پر نواز شریف نے شکریہ اور سلام کا پیغام دیا۔ امیر مقام کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کشمیر کی ترقی کے لیے پرعزم ہے اور کشمیری عوام نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمولیتیں مسلم لیگ (ن) پر عوامی اعتماد کا واضح ثبوت ہیں۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں اور بھارتی اقدامات کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو کمزور نہیں کر سکتے۔



