مظفرآباد

ماہ صیام سے قبل مظفرآباد میں گوشت کی قیمتوں اور دستیابی کا بحران شدت اختیار کر گیا

مظفرآباد(خبر نگار خصوصی)رمضان المبارک کی آمد سے قبل دارالحکومت میں گوشت کی قیمتوں اور دستیابی کا بحران شدت اختیار کر گیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گراں فروشی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے ردعمل میں متعدد قصابوں نے اپنی دکانیں بند کر کے گوشت بلیک میں فروخت کرنا شروع کر دیا، جس کے باعث شہری شدید اذیت اور پریشانی کا شکار ہیں۔سول سوسائٹی کے مطابق انتظامیہ کی روزانہ کی بنیاد پر پکڑ دھکڑ، جرمانوں اور نرخناموں پر عملدرآمد کی کوششوں کے باوجود بعض قصاب سرکاری ریٹ لسٹ کو تسلیم کرنے سے گریزاں ہیں۔سول سوسائٹی اور شہریوں جن میں خورشید خان،منیر ستی،عمران علی،مثل خان،مسعود عباسی،ضمیر احمد،آفتاب نقوی،ممریز شاہ،سفھیر مغل،نثار بخاری،آفتاب جدون کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخوں پر گوشت دستیاب نہیں، جبکہ بند دکانوں کے پیچھے یا مخصوص گاہکوں کو من پسند قیمت پر گوشت فروخت کیا جا رہا ہے۔متعدد علاقوں میں دکانوں پر تالے لٹکنے سے شہریوں اور عوام الناس کو گوشت کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔سول سوسائٹی اور عوامی حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ ایک منظم دباؤ کی حکمت عملی ہے تاکہ انتظامیہ کو نرخ بڑھانے پر مجبور کیا جا سکے۔سول سوسائٹی اور شہریوں، سماجی تنظیموں اور تاجر نمائندوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے جو قصاب سرکاری نرخنامہ آویزاں نہیں کر رہے یا دکانیں بند کر کے بلیک میں فروخت میں ملوث ہیں، ان کے لائسنس فوری منسوخ کیے جائیں۔خلاف ورزی کرنے والی دکانوں کو مکمل طور پر سیل کر کے بھاری جرمانے عائد کیے جائیں۔شہر بھر میں سرکاری نرخوں پر گوشت کی فراہمی کے لیے خصوصی سیل پوائنٹس قائم کیے جائیں۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی نگرانی میں روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔بلیک مارکیٹنگ میں ملوث عناصر کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں۔ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ گراں فروشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور رمضان المبارک کے تقدس کو پامال کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ حکام نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی دکان پر زائد نرخ وصول کیے جانے کی صورت میں فوری طور پر شکایت درج کروائیں تاکہ فوری ایکشن لیا جا سکے۔سول سوسائٹی اور شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اور مثالی کارروائی نہ کی گئی تو صورتحال مزید گھمبیر ہو سکتی ہے۔ رمضان جیسے بابرکت مہینے سے قبل عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت اور انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے، اور کسی کو بھی ناجائز منافع خوری کے ذریعے شہریوں کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

Related Articles

Back to top button