میر واعظ عمر فاروق کا کشمیری کاشتکاروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار

سری نگر(کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کاشتکاروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں کشمیر کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی قرار دیا سرینگر میں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کئی دنوں سے پھنسے ٹرکو ں میں پھل خراب ہورہے ہیں اورانہیں نقل وحرکت کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکام کی بے حسی شرمناک ہے۔ یاد رہے۔سرینگر جموں ہائی وے پر پھلوں سے لدے ٹرکوں کی نقل و حرکت کو یقینی بنانے میں قابض حکام کی ناکامی کے خلاف وادی کشمیر کی تمام فروٹ منڈیوں میں آج مکمل ہڑتال کی گئی۔ہڑتال کے باعث سوپور، ہندواڑہ، شوپیاں، کولگام اور اسلام آباد سمیت تمام منڈیوں میں کاروبارمفلوج ہوکر رہ گیا۔ سوپور فروٹ منڈی میں جوایشیا کی دوسری سب سے بڑی فروٹ منڈی ہے، جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے جہاں کاشتکار روپڑے۔انہوں نے کہاکہ ان کے پھل ہائی وے پر پھنسے ٹرکوں میں خراب ہورہے ہیں جوان کی سال بھر کی محنت ہے اورقابض انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہائی وے پر لوہے اور دیگر اجناس لے جانے والے ٹرکوں کو نقل وحرکت کی اجازت ہے اور پھلوں سے لدے ٹرکوں کو جان بوجھ کر روکا جارہا ہے۔ صرف ضلع رام بن میں سیبوں سے لدے 500سے زائد ٹرک پھنسے ہوئے ہیں جس سے کاشتکاروں کو بھاری نقصان ہو رہا ہے۔