مظفرآباد
بلدیہ کے ریٹائرڈ بزرگ ملازمین کو 7ماہ سے پنشن نہ مل سکی

مظفرآباد (خبرنگارخصوصی)میونسپل کارپوریشن مظفرآباد کے ریٹائرڈ ملازمین ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری علی اکبر بھٹی نے سات ماہ سے پنشن نہ ملنے پرشدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ہفتہ کے روز 11بجے دن اپراڈہ بلدیہ عظمیٰ کے دفتر کے باہر احتجاجی دھرنے کا اعلان کردیا ہے۔ اپنے بال بچوں سمیت دھرنا دونگا۔ اگر جلد اجلد پنشن ادا نہ کی گئی تو پھر خود سوزی کرونگا۔ وزیراعظم آزادکشمیر،وزیر بلدیات ودیہی ترقی نے بلدیاتی اداروں کی پنشن اے جی آفس کے ذریعے ادائیگی کی منظوری دی لیکن سات ماہ سے پنشن نہ مل سکی ہے۔ دکانداروں نے اُدھار دینا بھی بند کردیا ہے۔ کہاں جائیں کس سے فریاد کریں بھوکے مررہے ہیں اب اپنی جان دے کر دوسروں کو حق دلاؤنگا۔ بلدیہ عظمیٰ والے اپنی ترقیابیوں کے پیچھے لگے ہوئے ہیں ہم غریبوں کا کسی کو احساس نہیں ہے۔