بنی حافظ کھولیاں تا سربگلہ روڈتعمیر کے ایک ماہ بعد کھنڈرات میں تبدیل

ہٹیاں بالا(بیورورپورٹ)جہلم ویلی کے علاقہ بنی حافظ،کھولیاں سے سربگلہ تک تعمیر ہونے والی ایک کلومیٹر پختہ سڑک مبینہ طور پر ناقص میٹریل اور غیرمعیاری تعمیر کے باعث صرف ایک ماہ میں ہی کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگی،عوامی منصوبے کے فنڈز ناقص کام کی نذر ہو گئے،علاقہ مکین سراپا احتجاج،وزیر اعظم آزاد کشمیر سمیت حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔جہلم ویلی کے علاقہ سربگلہ کے رہائشی محمد نشاد نے ڈسٹرکٹ پریس کلب ہٹیاں بالا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس معاملے کو ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی کے نوٹس میں بھی لایا گیا تھا، ڈپٹی کمشنر نے موقع پر جا کر سڑک کی تباہ حالی کا خود معائنہ کیا اور محکمہ شاہرات کو ہدایت دی کہ منصوبہ محکمانہ تصریحات کے مطابق دوبارہ تعمیر کیا جائے تاہم ان احکامات کو ایکسئین شاہرات جہلم ویلی اور ماتحت افسران نے نظرانداز کر تے ہوئے خاموشی اختیار کر رکھی ہے،،محمد نشاد نے کہا کہ اگر اس منصوبے کی شفاف تحقیقات نہ ہوئیں تو وہ احتساب بیورو سے رجوع کریں گے،انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر، وزیر تعمیرات عامہ اور سیکرٹری تعمیرات عامہ سے مطالبہ کیا کہ عوامی منصوبے کو سبوتاژ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور سڑک کو محکمانہ معیار کے مطابق دوبارہ تعمیر کروایا جائے۔