گلگت بلتستان کے فروٹس اپنی مثال آپ ہیں، فتح اللہ خان
ماہی پروری، جیمز اینڈ جیولری اور ہینڈی کرافٹس کے شعبے بھی خطے کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،فتح اللہ خان

گلگت(محاسب نیوز)سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (SMEDA) کی جانب سے گلگت میں ”VALUE ADDITION IN AGRO-BASED PRODUCTION FOR EXPORT PROMOTION” کے عنوان سے ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں گلگت وومن چیمبر آف کامرس اور گلگت چیمبر آف کامرس کے ارکان نے بھرپور شرکت کی۔چیئرمین گلگت بلتستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ، فتح اللّٰہ خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے SMEDA کے صوبائی چیف راشد آمان اور منیجر سہیل جان کا گلگت بلتستان تک SMEDA کے دائرہ کار کو وسعت دینے پر شکریہ ادا کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ افسران سمیر شاہد اور روزینہ شاہین کو جی بی میں سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کی ترقی کے لیے مزید محنت کرنے کی تلقین بھی کی۔فتح اللّٰہ خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے فروٹس اپنی مثال آپ ہیں، اگر ان کی ویلیو ایڈیشن کی جائے تو عالمی مارکیٹ میں ان کا کوئی ثانی نہیں ہوگا۔ اسی طرح ماہی پروری، جیمز اینڈ جیولری اور ہینڈی کرافٹس کے شعبے بھی خطے کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان شعبوں پر تھوڑی سی محنت سے دور رس نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں اور SMEDA کی شمولیت سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار خود کفالت کی راہ پر گامزن ہو سکتے ہیں۔اس موقع پر SMEDA کے صوبائی چیف راشد آمان نے کہا کہ ادارہ گلگت بلتستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو سہولت فراہم کرنے اور ان کی استعداد کار بڑھانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی پیداوار میں ویلیو ایڈیشن کے ذریعے برآمدات کو فروغ دینا SMEDA کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے کاروباری طبقے کے ساتھ قریبی روابط کو مزید فروغ دیا جائے گا۔منیجر SMEDA، سہیل جان نے کہا کہ ورکشاپس اور تربیتی پروگرامز کے ذریعے کاروباری حضرات کو جدید مارکیٹ رجحانات اور بین الاقوامی تقاضوں کے مطابق تیار کیا جائے گا تاکہ گلگت بلتستان کے کاروباری افراد ملکی اور غیرملکی منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکیں۔