راولاکوٹ‘ ندی نالوں سے تجاوزات خاتمے کیلئے آپریشن گل لالہ کاآغاز

راولا کوٹ (اخلاق احمد خان سے) راولا کوٹ میں قدرتی ندی نالوں کی صفائی اور ان پر قائم تجاوزات کے خاتمے کے لیے ”آپریشن گلِ لالہ کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن راولا کوٹ کی مشترکہ کارروائی کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کا عمل ہو گا۔آپریشن کا آغاز شہر کے قریب واقع نالے سے کیا گیا، جس کی نگرانی خود ڈپٹی کمشنر پونچھ سردار عمر فاروق خان اور میئر میونسپل کارپوریشن سردار عبدالنعیم خان نے کی۔ اس موقع پر ایکسٹرا اسسٹنٹ کمشنر زاہد چوھان، ڈپٹی میئر قاضی نثار? سردار عاطف نسیم اور دیگر بلدیاتی نمائندگان بھی موجود تھے جن میں سردار عامر خورشید خان،، سردار عامر رفیق، وحید خان، شوکت حسین خان، راشد افراد خان، خواجہ سجاد، ثاقب سلیم اور عماد صدیق عرفان ظریف شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سردار عمر فاروق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشترکہ آپریشن ابتدائی طور پر فیز ون کے تحت ندی نالوں کی صفائی تک محدود ہے، تاہم جہاں بھی تجاوزات نظر آئیں گی، ان کے خلاف بھی بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس آپریشن کی فوری ضرورت اس وقت محسوس ہوئی جب ڈیڑھ دو ماہ قبل یونیورسٹی آف پونچھ کے قریب ایک نالے سے پانی کے بہاؤ کے باعث سڑک پر حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں یونیورسٹی کی خاتون پروفیسر ڈاکٹر گلِ لالہ شہید ہو گئیں۔ اس دلخراش واقعے کے بعد ندی نالوں پر قائم تجاوزات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ایک جامع منصوبہ بندی کے بعد آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میونسپل کارپوریشن کے ممبران نے کہا کہ اس منصوبے پر لاگت زیادہ آ رہی ہے، تاہم ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن باہمی تعاون سے اسے پایہ? تکمیل تک پہنچانے کے لیے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مالی معاونت فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا تاکہ اس اہم منصوبے کو کامیابی سے مکمل کیا جا سکے۔ادھر عوامی حلقوں نے اس آپریشن کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں تجاوزات کا مکمل خاتمہ کیا جائے اور اس عمل کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے۔یہ آپریشن نہ صرف شہری سہولیات کی بہتری کا ذریعہ بنے گا بلکہ قدرتی آفات سے تحفظ اور شہری انفراسٹرکچر کو محفوظ رکھنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ عوامی تعاون اور حکومتی سرپرستی سے ہی یہ مہم کامیابی سے ہمکنار ہو سکتی ہے۔