شہر کے بڑے منصوبوں پر کام شروع نہ ہوا تو احتجاج کرینگے، خواجہ فاروق

مظفرآباد(محاسب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی راہنما اپوزیشن لیڈر ایم ایل اے سٹی مظفرآباد خواجہ فاروق احمد نے دارالحکومت کے دو اہم ترین منصوبہ جات سی ایم ایچ فلائی اوور اور دومیل سیداں لینڈ سلائیڈ پر تعمیر ہونے والی رابطہ روڈ پر کام کی رفتار انتہائی سست اور دوسرے منصوبہ کے لیے ورک آرڈر ہونے کے باوجود موقع پر کام شروع نہ کرانے پر محکمہ کی عدم توجہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دستیاب معلومات کے مطابق سی ایم ایچ فلائی اوور کے کنٹریکٹر کا دو کروڈ روپیہ سے زائد بل ورک ڈن کی بنیاد پر محکمہ کے ذمہ واجب الادا ہے لیکن وزیراعظم کی جانب سے محکمہ کو فنڈز کی ترسیل پر لگائی گئی پابندی کی وجہ سے ٹھیکیدار کو ادائیگی نہ ہوسکی ہے۔جس بنا پر موقع پر کام کی رفتار نہ ہونے کے برابر ہے اور شہریوں کو مکمل ایک عذاب سے گزرنا پڑرہا ہے۔خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ اسی طرح دومیل سیداں لینڈ سلائیڈنگ کا بالاآخر 29سال بعد ٹینڈر ہوگیا ہے واک آرڈر بھی 4ماہ قبل جاری ہوچکا ہے،تنگ آکر عوام دومیل سیداں نے اپنے کونسلر سید سعید شاہ کے ذریعے 15دن کا نوٹس محکمہ کو دیا ہے کہ اگر 15دن بعد تک بھی کام موقع پر شروع نہ ہوا تو پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا جائے گا۔حکومت کی یہ عادت ہوگئی ہے کہ جب تک آپ احتجاج نہ کریں حکومت کوئی بھی عوام کے مفاد میں کام نہیں کرتی۔انہوں نے چیف سیکرٹری سمیت دیگر ذمہ داران سے مطالبہ کیا کہ سی ایم ایچ فلائی اوور کے ٹھیکیدار کو ورک ڈن کی ادائیگی کی جائے تاکہ اس اہم ترین منصوبہ کی تکمیل ہوسکے اور دومیل سیداں لینڈ سلائیڈ پر ٹھیکیدار سے جلد از جلد کام شروع کرایا جائے۔




