مظفرآباد

پارٹ اول کے نتائج میں بے ضابطگیاں، طلبہ کا چناری میں احتجاجی مظاہرہ

ہٹیاں بالا (بیورورپورٹ)تعلیمی بورڈ میرپورکے انٹر میڈیٹ پارٹ اول کے نتائج میں مبینہ بے ضابطگیوں، نا انصافیوں کے خلاف مختلف کالجز کے سیکڑوں طلبہ و طالبات کا تدریسی سرگرمیوں کا بائیکاٹ کرتے ہوئے چناری میں زبردست احتجاجی مظاہرہ، سرینگر مظفرآباد روڈ پر دھرنا،طلباء کے ہم نہیں مانتے ظلم کے ضابطے،ساڈا حق ایتھے رکھ اور تعلیمی بورڈ میرپور کے خلاف شدید نعرہ بازی سے علاقہ کی فضا گونجتی رہی۔تفصیلات کے مطابق مختلف کالجز کے سیکڑوں طلباء اور طالبات نے انٹرمیڈیٹ کے نتائج میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف چناری بازار میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے تعلیمی بورڈ میرپور کے حالیہ امتحانی نتائج کو مسترد،غیر شفاف،غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمپیوٹرائزڈ مارکنگ سسٹم صرف فرضی،شفافیت کا دعویٰ ہے،جس کے باعث طلبہ کی محنت ضائع ہو گئی،ان نتائج کے باعث مکنیٹ جہلم ویلی کے ایک طالب علم سید حسیب صابر نے دلبرداشتہ ہو کر خود کشی کی،اس کی موت کا کون ذمہ دار ہے؟اس کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرتے ہوئے زمہ داران کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے انھیں گرفتار کیا جائے،مظاہرین کے مطابق بعض طلبہ بغیر امتحان دیے پاس قرار پائے،جبکہ متعدد ذہین اور محنتی طلبہ کو فیل کر دیا گیا،احتجاجی طلبہ نے الزام لگایا کہ میرپور بورڈ کی جانب سے ای مارکنگ کے نام پر نیا تجربہ کیا گیا،جس کے نتیجے میں ہزاروں طلبہ متاثر ہوئے ہیں،طلبہ نے چناری کالج روڈ سے پل بازار تک احتجاجی ریلی نکالی اور دھرنا دیا،شرکاء نے مطالبہ کیا کہ امتحانی کاپیاں دوبارہ چیک کی جائیں،مارکنگ سسٹم میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے،غیر متوقع نتائج کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں،انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ کار پورے آزادکشمیر تک پھیلا دیا جائے گا،طلبہ نے کہا کہ جدید مارکنگ سسٹم اگر شفاف ہو تو خوش آئند ہے، تاہم موجودہ نظام نے انصاف کے بجائے بداعتمادی کو جنم دیا ہے،ریزلٹس کو ری چیک/ریورس کیا جائے بصورت دیگر طلباء کا اگلہ ردعمل سخت ترین ہو گاپھر اس دوران حالات خرابی کی تمام تر زمہ داری تعلیمی بورڈ میرپور اور حکومت آزاد کشمیر پر عائد ہو گی،یاد رہے میرپور بورڈ کے حالیہ جاری ہونے والے انٹر میڈیٹ پارٹ اول کے نتائج کے بعد گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول شاریاں کے 2024ء کے میٹرک ٹاپر سید حسیب صابر نے انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ کے امتحان میں صرف ایک کتاب میں فیل ہونے پر خودکشی کر لی تھی،یہ صرف ایک جان کا نقصان نہیں بلکہ ہمارے تعلیمی نظام،والدین اور معاشرتی دباؤ پر ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔۔۔۔۔۔۔

Related Articles

Back to top button