مظفرآباد

الیکشن کمیشن کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرستیں، 10اضلاع میں دفاتر قائم کرے گا

مظفر آباد(محاسب نیوز) آزاد جموں و کشمیر میں کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل رول سسٹم کی تنصیب کے لیے بزنس ریکوائرڈ ڈاکو منٹس کے مسودہ کی حتمی منظوری دے دی گئی۔ مسودہ کی منظوری یہاں منعقد ہونے والے ایک اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی نے کی۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کی نمائندگی سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان، ناظم تعلقات عامہ راجہ امجد حسین منہاس، انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی نمائندگی نائب ناظم انفار میشن ٹیکنالوجی بورڈ ندیم تاج اور نادرا کی نمائندگی ڈائریکٹر پروجیکٹس نادرا محمد زاہدنے کی جبکہ اس موقعہ پر ہر تین اداروں کے متعلقہ اعلی حکام بھی موجود تھے۔ اجلاس میں گزشتہ ماہ نادرا ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں ہر تین اداروں کے درمیان دستخط ہونے والے تاریخی معاہدے کی روشنی میں آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے لئے کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل رول سسٹم کی تیاری اور کمیشن کے دس ضلعی اور چار دیگر دفاتر میں اس کی تنصیب، سسٹم میں استعمال ہونے والے سافٹ ویئر اور ہارڈ ویئر سے متعلق تفصیلات، سسٹم کو چلانے کے لئے آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے متعلقہ عملہ کی استعداد کار بڑھانے او رنادرا کی جانب سے اس سسٹم کو مکمل طور پر فعال رکھنے کے لیے کمیشن کی ہر طرح کی تکنیکی اور فنی معاونت سے متعلقہ مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ منصوبہ کے تمام مراحل کو بہر صورت معاہدہ کے تحت مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے گا۔ آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے مرکزی اور ضلعی دفاتر میں اس سسٹم کے فعال ہو جانے کے بعد انتخابی فہرستوں کی تیاری اور ان میں ووٹس کے اندراج، اخراج، تبدیلی اور درستگی وغیرہ سے متعلق جملہ امور اور حلقہ بندیوں کی تشکیل اور تحدید سے متعلق جملہ معاملات جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے انجام پذیر ہو نا شروع ہو جائیں گی۔

Related Articles

Back to top button