گلگت بلتستان

KIU میں عالمی اینٹی مائیکروبیل آگاہی ہفتہ کے حوالے سے سیمینار

سیمینار کا انعقاد فلیمنگ فنڈ گلگت بلتستان، محکمہ صحت گلگت بلتستان اور شعبہ اینیمل سائنسز جامعہ قراقرم نے مشترکہ طور پر منعقد کیا تھا

گلگت(پ ر)قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں عالمی ہفتہ اینٹی مائیکروبیل آگاہی کے حوالے سے ایک روزہ سیمینارکا انعقاد کیاگیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق سیمینار میں وائس چانسلر کے آئی یو، ماہرین، محققین، اساتذہ، طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔سیمینار منعقد کرنے کا مقصداینٹی مائیکروبیل مزاحمت (AMR) کے بڑھتے خطرے سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔ سیمینار کا انعقاد فلیمنگ فنڈ گلگت بلتستان، محکمہ صحت گلگت بلتستان اور شعبہ اینیمل سائنسز جامعہ قراقرم نے مشترکہ طور پر منعقد کیا تھا۔سیمینار سے بطور مہمان خصوصی وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے اینٹی مائیکروبیل ادویات کے غلط استعمال، نگرانی کے چیلنجز، ابھرتی ہوئی مزاحمتی رجحانات اور علاقائی سطح پر AMR کے ردعمل کے نظام کو مضبوط بنانے میں لیبارٹریوں اور اداروں کے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہاکہ کے آئی یو نے ثبوت پر مبنی تحقیق، صلاحیت سازی اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے کے ذریعے علاقائی صحت کی سلامتی اور پائیدار ترقی کے لیے اٹھائے جانے والے اقداما ت پر بات کی اور اس حوالے سے مزید کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ان سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جی بی اینٹی مائیکروبیل کے فوکل پرسن ڈاکٹر اقبال عزیز نے کہا کہ اس سیمینار کا مقصد انسانی، حیوانی اور ماحولیاتی صحت کے شعبوں میں اینٹی مائیکروبیل مزاحمت سے نمٹنے کے لیے مربوط اقدامات کی فوری ضرورت اجاگر کرنا ہے۔جو کہ عالمی ”ون ہیلتھ” نقطہ نظر کی عکاسی کرتا ہے۔فلیمنگ فنڈ جی بی کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈاکٹر احسان اللہ میر نے گلگت بلتستان میں اینٹی مائیکروبیل مزاحمتی نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے اور لیبارٹری کی صلاحیت بڑھانے پر زور دیا تاکہ مزاحمتی پیتھوجنز کا بروقت اور درست پتہ لگایا جا سکے۔محکمہ صحت گلگت بلتستان کے افسران نے اینٹی مائیکروبیل ادویات کے استعمال کو منظم کرنے، انفیکشن کی روک تھام و کنٹرول (IPC) کو بہتر بنانے اور ذمہ دارانہ تجویز کاری کے طریقوں کو فروغ دینے کے موجودہ اقدامات پر روشنی ڈالی۔سیمینار میں کے آئی یو کے شعبہ اینیمل سائنسز، لائیو سٹاک ڈپارٹمنٹ، ڈرگ کنٹرول ایڈمنسٹریشن اور جی بی ای پی اے کے ماہرین نے مویشیوں اور پولٹری میں اینٹی مائیکروبیل ادویات کے استعمال پر توجہ دلائی اور ذمہ دارانہ ویٹرنری طریقوں اور کسانوں کی تعلیم کی ضرورت پر زور دیا تاکہ جانوروں اور انسانوں کے درمیان مزاحمت کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے اور ماحولیاتی عناصر کے ساتھ رابطے کو مدنظر رکھا جا سکے۔شرکاء نے انٹرایکٹو سیشنز، پینل ڈسکشنز میں بھی حصہ لیا۔

Related Articles

Back to top button